کسانوں کے احتجاج پر پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر میا خلیفہ کے سوالات

اپ ڈیٹ 08 فروری 2021
لبنانی نژاد اداکارہ نے بولی وڈ اداکارہ کی خاموشی پر ٹوئٹ کردی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام،
لبنانی نژاد اداکارہ نے بولی وڈ اداکارہ کی خاموشی پر ٹوئٹ کردی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام،

لبنانی نژاد امریکی اداکارہ و اسپورٹس اینکر میا خلیفہ نے گزشتہ ہفتے احتجاج کرتے والے بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سوالات اٹھائے تھے۔

محض ایک ٹوئٹ کے بعد بھارت میں میا خلیفہ کی مقبولیت بڑھ گئی تھی اور وہاں کے عوام نے بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

میا خلیفہ کی طرح گلوکارہ ریانا اور سماجی رہنما گریٹا تھونبرگ نے بھی بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی کیا تھا، جس پر بھارتی حکومت نے برہمی کا اظہار بھی کیا تھا کہ عالمی شخصیات کو بھارتی کسانوں کی حمایت نہیں کرنی چاہیے۔

تاہم اس کے باوجود میا خلیفہ نے بھارتی کسانوں کی حمایت جاری رکھی اور وہ گزشتہ ایک ہفتے سے احتجاج کرنے والے کسانوں کی حمایت میں ٹوئٹ کرتی آ رہی ہیں۔

گزشتہ ہفتے میا خلیفہ نے پہلی بار بھارتی کسانوں کے مظاہروں کی حمایت کی تھی — اسکرین شاٹ
گزشتہ ہفتے میا خلیفہ نے پہلی بار بھارتی کسانوں کے مظاہروں کی حمایت کی تھی — اسکرین شاٹ

اب انہوں نے امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کرکے امریکا منتقل ہونے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی مذکورہ معاملے پر خاموشی پر سوالات اٹھادیے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شخصیات کی ’کسان تحریک‘ کی حمایت پر بھارتی حکومت برہم

میا خلیفہ نے 7 فروری کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں پریانکا کو مسز جونس پکارتے ہوئے کسانوں کے احتجاج پر ان کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔

میا خلیفہ نے پریانکا چوپڑا کے لیے مسز جونس لفظ استعمال کیا—اسکرین شاٹ
میا خلیفہ نے پریانکا چوپڑا کے لیے مسز جونس لفظ استعمال کیا—اسکرین شاٹ

لبنانی نژاد امریکی اداکارہ نے لکھا کہ وہ پریانکا چوپڑا کی خاموشی پر متجسس ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ مسز جونس کی خاموشی انہیں بیروت دھماکوں کے وقت کی گلوکارہ شکیرا کی خاموشی یاد دلا رہی ہے۔

میا خلیفہ کی مذکورہ ٹوئٹ پر اگرچہ پریانکا چوپڑا نے خود کوئی جواب نہیں دیا تاہم ان کے مدحوں نے لبنانی نژاد امریکی اداکارہ کو یاد دلایا کہ بھارتی اداکارہ کسانوں کے احتجاج پر پہلے بات کر چکی ہیں۔

پریانکا چوپڑا کے مداحوں نے میا خلیفہ کی ٹوئٹ کے کمنٹس میں پریانکا چوپڑا کی دسمبر 2020 میں کی جانے والی ٹوئٹ کو بھی شیئر کیا، جس میں اداکارہ نے کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’کسان تحریک‘: بھارتی حکومت اور ٹوئٹر کے درمیان اختلافات بڑھ گئے

پریانکا چوپڑا نے دسمبر 2020 میں اداکار و گلوکار دلجیت دسانج کی ٹوئٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے کسانوں کو بھارت کا غذائی فوجی قرار دیا تھا اور اُمید کا اظہار کیا تھا کہ کسانون کا معاملہ تاخیر کے بغیر احسن انداز میں حل ہوجائے۔

ساتھ ہی میا خلیفہ کی ٹوئٹ پر بعض افراد نے کمنٹس کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ آج کل مسز جونس اپنی سوانح حیات کی تشہیر میں مصروف ہیں اور وہ اس لیے کسانوں کے معاملے پر بات کرنے سے گریز کر رہی ہیں کہ وہ نہیں چاہتی کہ ان کی کتاب کی فروخت میں کمی ہو۔

مذکورہ ٹوئٹ کے علاوہ بھی میا خلیفہ نے بھارتی کسانوں کی حمایت کے لیے دوسری ٹوئٹس کیں، ایک اور ٹوئٹ میں اداکارہ نے بھارتی کسانوں کے لیے بریانی کی تصویر بھی شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں: کسان ٹریکٹر ریلی کشیدگی پر مودی کا بیان، سپریم کورٹ سے درخواست خارج

میا خلیفہ نے بھارتی سماجی رہنماؤں کی جانب سے بھجوائے گئے کھانوں کی ویڈیو بھی شیئر کی اور کسانوں کی تحریک کی حمایت کے بعد کھانا بھجوائے جانے پر بھارتی افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

میا خلیفہ کے علاوہ بھی دیگر عالمی شوبز، اسپورٹس و سیاسی شخصیات بھارتی کسانوں سے اظہار یکجہتی کر رہی ہیں۔

بھارتی کسان گزشتہ برس نومبر سے دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد شہروں میں مظاہرے کیے ہوئے ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت گزشتہ برس بنائے گئے کسان دشمن قوانین واپس لے۔

میا خلیفہ گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی کسانوں کی حمایت میں سوشل میڈیا پر متحرک ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
میا خلیفہ گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی کسانوں کی حمایت میں سوشل میڈیا پر متحرک ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں