کراچی: دلہا دولہن کی گاڑی پر فائرنگ، 9 سالہ لڑکا جاں بحق

اپ ڈیٹ 15 فروری 2021
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دلہا پر فائرنگ کی تو گولی لڑکے کے پیٹ پر لگی —فائل فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے دلہا پر فائرنگ کی تو گولی لڑکے کے پیٹ پر لگی —فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے کیماڑی میں دلہا دولہن کی کار پر مسلح شخص کے حملے میں گاڑی میں موجود ایک 9 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

جیکسن پولیس کے مطابق فائرنگ مبینہ طور پر دولہن کے کزن نے ان سے شادی نہ کرنے پر ‘انتقام’ لینے کے لیے کی۔

مزیدپڑھیں: کراچی میں 'غیرت کے نام' پر نوجوان قتل

انہوں نے مزید بتایا کہ مسلح حملے میں دلہا زخمی ہوگیا جبکہ 9 سالہ سودیش موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

جیکسن پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او ملک عادل خان نے بتایا کہ ملزم شاہد دلہن کا کزن ہے۔

پولیس افسر نے بتایا کہ شادی کی تقریب کے بعد جوڑا کار میں محو سفر تھا اور جاں بحق ہونے والا لڑکا دلہا کی گود میں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم نے دلہا پر فائرنگ کی تو گولی لڑکے کے پیٹ پر لگی۔

یہ بھی پڑھیں: غیرت کے نام پر قتل میں کوئی غیرت نہیں، سپریم کورٹ

ملک عادل خان نے بتایا کہ گولی لڑکے کے جسم سے آر پار ہو کر دلہا کو زخمی کرگئی جبکہ لڑکا موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی کی تکمیل کے لیے لاش کو سول ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب زخمی دلہا کو کلفٹن کے نجی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ جاں بحق ہونے والے لڑکے کی تدفین ٹھٹہ میں ہوگی جہاں اس کے اہل خانہ کا آبائی گھر ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: 'غیرت کے نام' پر بیوی کا قتل

ابتدائی تفتیش کے بعد ایس ایچ او نے بتایا کہ دولہن کے والد نے تقریباً 12 سال قبل اپنے بھتیجے شاہد کے لیے اپنی بیٹی کا نکاح کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بعدازاں لڑکی نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی جبکہ مشتبہ ملزم شاہد تعلیمی میدان میں کامیاب نہیں ہوسکا اور ان پڑھ رہا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ شخص نے ممکنہ طور پر شادی نہ کرنے کی وجہ سے 'انتقاماً' دلہا کی زندگی لینے کی کوشش کی۔

پولیس نے دلہا کے والد عمر خان کی شکایت پر مبینہ ملزم شاہد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں