ملک میں کورونا سے مزید ایک ہزار 160 افراد متاثر، 16 مریض جاں بحق

اپ ڈیٹ 22 فروری 2021
مزید ایک ہزار 384 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی — فائل فوٹو / اے ایف پی
مزید ایک ہزار 384 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی — فائل فوٹو / اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کو ایک سال کا عرصہ ہونے کو قریب ہے اور دوسری لہر کے دوران یومیہ کیسز اور اموات میں بھی کچھ حد تک کمی دیکھی گئی ہے۔

کورونا وائرس سے متعلق سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید ایک ہزار 160 مریض سامنے آئے جبکہ مزید 16 افراد انتقال بھی کرگئے۔

ان نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 72 ہزار 334 ہوگئی ہے جبکہ اموات 12 ہزار 617 تک پہنچ گئیں۔

تاہم مزید ایک ہزار 384 مریض ایسے خوش نصیب تھے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوگئے، جس کے بعد یہ تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 491 ہوگئی جبکہ ملک میں فعال کیسز کی مجموعی تعداد 24 ہزار 226 رہ گئی۔

اس عالمی وبا کی بات کریں تو اس کا پاکستان میں پہلا کیس گزشتہ سال کے اوائل یعنی 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد مارچ کے مہینے سے ملک میں لاک ڈاؤن سمیت مختلف پابندیاں دیکھنے میں آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر یہ وائرس آہستہ آہستہ شدت اختیار کرنا شروع ہوا اور مئی اور جون میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور اس وقت ملک میں صورتحال کافی تشویشناک حد تک دیکھنے میں آئی۔

جولائی میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں معمولات زندگی بحال ہونے لگے جس کے بعد ستمبر میں تعلیمی ادارے بھی 6 ماہ کے بعد دوبارہ کھل گئے تھے۔

تاہم اکتوبر اور بعد ازاں نومبر میں یہ وائرس دوبارہ تیزی پکڑنے لگا اور حکومت ایک مرتبہ پھر نومبر کے آخر میں تعلیمی ادارے بند کرنے پر مجبور ہوئی جبکہ ساتھ ہی مختلف پابندیاں بھی عائد کی گئیں۔

دسمبر 2020 میں وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ حد تک کمی دیکھنے میں آئی جس کا سلسلہ سال 2021 کے پہلے مہینے میں بھی دیکھنے کو ملا جس کے بعد تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جنوری میں اگرچہ کورونا کی صورتحال قدرِ بہتر رہی اور فروری کے آغاز سے ملک میں تعلیمی سرگرمیاں مکمل بحال ہوگئیں تھیں۔

اگر آج 22 فروری کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سندھ میں کورونا کے 386 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 220 ہوگئی ہے۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے 4 اموات بھی ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 4 ہزار 292 ہوگئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے میں کورونا کے 11 ہزار 40 ٹیسٹ کیے گئے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 474 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 819 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 4 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی مجموعی تعداد 5 ہزار 208 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا

صوبہ خیبرپختونخوا میں مزید 157 افراد کو کورونا وائرس نے متاثر کیا، یوں وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد 71 ہزار 43 ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 4 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 36 تک جاپہنچی۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز 18 ہزار 988 ہوگئے۔

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اس طرح یہ تعداد 199 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 83 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 43 ہزار 485 تک جا پہنچی۔

وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 4 مریض انتقال کر گئے، یوں مجموعی اموات 492 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

کورونا سے متعلق سرکاری اعداد وشمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا وبا نے مزید 51 افراد کو اپنا شکار بنایا جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9 ہزار 828 ہوگئی۔

آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں یہ تعداد 288 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا جس کے بعد وہاں کیسز کی تعداد 4 ہزار 951 پر ہی برقرار ہے۔

مزید یہ کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید کوئی ہلاکت بھی رپورٹ نہیں ہوئی اور وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 102 پر برقرار ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 384 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 5 لاکھ 35 ہزار 491 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 572334

صحتیاب: 535491

اموات: 12617

فعال کیسز: 24226

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 220 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد ایک لاکھ 67 ہزار 819 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے 71 ہزار 43 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 988 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 43 ہزار 485، آزاد کشمیر میں 9 ہزار 828 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 951 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد:

سندھ: 4292

پنجاب: 5208

خیبرپختونخوا: 2036

بلوچستان: 199

اسلام آباد: 492

آزاد کشمیر: 288

گلگت بلتستان: 102

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں