واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے نئے فیچر کاسٹیوم وال پیپر کو متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد لوگوں کو کسی غلط ونڈو پر میسج بھیجنے سے بچانا ہے۔

ویسے تو اس فیچر کو متعارف کرانے کا اعلان دسمبر میں بھی ہوا تھا مگر اب یہ تمام صارفین کو دستیاب ہے۔

اس فیچر کے تحت صارف ہر چیٹ کے بیک گراؤنڈ میں مختلف تصاویر کا استعمال کرسکے گا۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ لگ بھگ ہر ایک ہی واٹس ایپ پر کچھ لوگوں سے زیادہ رابطے میں رہتا ہے اور دیگر سے بات چیت بہت کم ہوتی ہے۔

تو اب جن لوگوں سے زیادہ بات چیت ہوتی ہے تو ان کی چیٹ ونڈو کو دیگر سے مختلف کرنے کے لیے کاسٹیوم وال پیپر کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس طرح یہ ایک کارآمد ٹول بھی ہے جس سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکتا ہے کہ میسج کسی غلط فرد کو نہ بھیج دیا جائے (بھیجنے کے بعد پریشان میں ڈیلیٹ کرنا پڑتا ہے جس کا علم دوسرے فرد کو بھی ہوجاتا ہے)۔

واٹس ایپ نے بھی کہا ہے کہ اس نئے فیچر سے صارفین کے لیے مختلف چیٹس کو شناخت کرنے میں مدد ملے گی اور وہ حادثاتی طور پر میسجز کسی دوسرے فرد کو بھیجنے سے بچ سکیں گے۔

اس فیچر کا اضافہ اس وقت ہوا ہے جب حالیہ مہینوں میں واٹس ایپ کو اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کے نتیجے میں لوگوں کی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس پالیسی کو 8 فروری 2021 سے نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور صارفین کو خبردار کیا گیا تھا کہ انہیں اسے لازمی قبول کرنا ہوگا، بصورت دیگر ان کے اکاؤنٹس ڈیلیٹ کردیے جائیں گے۔

تاہم واٹس ایپ کی پالیسی پر دنیا بھر میں صارفین کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی اور اس کی حریف ایپس ٹیلیگرام اور سگنل کے صارفین کی تعداد میں بھی بہت بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

جس کے بعد کمپنی نے 16 جنوری کو اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کے فیصلے کو مئی تک مؤخر کردیا تھا۔

اپنے حالیہ بلاگ میں واٹس ایپ نے بتایا تھا کہ وہ صارفین کو میسجنگ پلیٹ فارم کا استعمال جاری رکھنے کے لیے اپ ڈیٹس جائزہ لینے اور اسے قبول کرنے کی یاد دہانی کروانا شروع کریں گے۔

واٹس ایپ نے مزید کہا ہے کہ 'ہم نے اس حوالے سے خدشات کو دور کرنے کی کوشش اور ان کے حل کے لیے مزید معلومات بھی شامل کی ہیں'۔

مسیجنگ ایپ نے کہا کہ آئندہ ہفتوں میں واٹس ایپ میں ایک بینر کا اضافہ کیا جائے گا جس کے ذریعے صارفین کو پرائیویسی پالیسی سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی جسے وہ اپنے طور پر پڑھ سکیں گے۔

15 مئی کو نئی پالیسی کا اطلاق ہوگا اور کمپنی کے مطالبے پر بھی صارفین کی جانب سے نئی پالیسی کو تسلیم نہیں کیا گیا تو مختصر مدت کے لیے وہ افراد کالز اور نوٹیفکیشن تو موصول کرسکیں گے مگر ایپ میں میسجز بھیج یا پڑھ نہیں سکیں گے۔

یہ 'مختصر وقت' کئی ہفتوں کا ہوگا جبکہ ایف اے کیو کا نیا پیج کا لنک بھی دیا گیا جس میں ایسے صارفین کے حوالے سے اقدامات کی تفصیلات دی گئی ہے۔

کمپنی نے واضح کیا کہ غیرمتحرک کیے جانے والے صارفین 15 مئی کے بعد بھی نئی پالیسی یا اپ ڈیٹس کو قبول کرسکیں گے۔

ایسے غیرمتحرک صارفین کے حوالے سے واٹس ایپ کی پالیسی میں واضح کیا گیا کہ اکاؤنٹس عام طور پر غیرمتحرک ہونے کے ٍ120 دن بعد ڈیلیٹ کیے جاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں