چین کی کمپنی نوبیا نے دنیا کا سب سے طاقتور گیمنگ اسمارٹ فون متعارف کرایا ہے جس میں 18 جی بی تک ریم دی گئی ہے۔

اس سیریز کے 2 فونز ریڈ میجک 6 اور ریڈ میجک 6 پرو پیش کیے گئے ہیں, مگر اس کا میجک 6 پرو ٹرانسپیرنٹ کے نام سے ایک ورژن بھی پیش کیا گیا ہے جس میں 18 جی بی تک ریم دی گئی ہے۔

ریڈ میجک 6 اور 6 پرو میں 6.8 انچ کا فل ایچ ڈی پلس امولیڈ ڈسپلے 165 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

جب اسکرین پر ڈائنامک مواد شو نہیں ہوتا تو یہ ریفریش ریٹ 30 ہرٹز تک گھٹ جاتا ہے جبکہ ایپس کے استعمال کے دوران 120 ہرٹز اور سپورٹڈ گیمز میں 165 ہرٹز تک پہنچ جاتا ہے۔

فنگرپرنٹ اسکینر بھی اسکرین کے اندر نصب ہے جبکہ 400 ہرٹز ٹچ سیمپلنگ ریٹ ڈیوائس کا حصہ ہے۔

اسی طرح ایکٹیو کولنگ ایئر فین بھی دونوں فونز کا حصہ ہے جو ڈیوائسز کو گرم ہونے سے روکتا ہے۔

دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے ریڈ میجک او ایس 4 سے کیا ہے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

ریڈ میجک 6 میں 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن موجود ہیں جبکہ میجک 6 پرو میں 12 سے 16 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج موجود ہے۔

دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمرا دیا گیا ہے۔

ریڈ میجک 6 پرو ٹرانسپیرنٹ ایڈیشن میں 18 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فوٹو بشکریہ نوبیا
فوٹو بشکریہ نوبیا

یہ فونز چین میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں اور 11 مارچ کو دستیاب ہوں گے۔

میجک 6 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 3799 چینی یوآن (91 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 12 جی بی اور 128 جی بی والا ورژن 4099 یوآن (99 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 4399 یوآن (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

میجک 6 پرو کا 12 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 4399 یوآن (ایک لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)، 12 جی بی اور 256 جی بی والا ورژن 4799 یوآن (ایک لاکھ 15 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 16 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 5299 یوآن (ایک لاکھ 28 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

میجک 6 پرو ٹرانسپیرنٹ ایڈیشن 2 ورژنز میں دستیاب ہوگا جس میں سے ایک 16 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ ہوگا جس کی قیمت 5599 یوآن (ایک لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 18 جی بی ریم اور 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 6599 یوآن (ایک لاکھ 59 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں