گلگت بلتستان حکومت کا خطے کو 'کورونا فری' بنانے کا دعویٰ

ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود وبا پر قابو پا لیا گیا — فائل فوٹو / اے پی
ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود وبا پر قابو پا لیا گیا — فائل فوٹو / اے پی

گلگت بلتستان کی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں اب کورونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے اور یہ ملک کا پہلا 'کورونا فری' صوبہ بن گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وبا کا زیر علاج آخری مریض بھی صحتیاب ہوگیا اور اب یہاں وائرس سے متاثرہ کوئی مریض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع میں کورونا کا ایک بھی مریض نہیں ہے اور محدود وسائل کے باوجود وبا پر قابو پا لیا گیا۔

ڈاکٹر شاہ زمان کا کہنا تھا کہ کورونا کی ویکسین کے ساتھ عوام احتیاط جاری رکھیں تو وبا پر قابو پانے کا رجحان برقرار رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 4 مریض موجود ہیں، حکام

واضح رہے کہ چند روز قبل گلگت بلتستان کے محکمہ صحت نے کہا تھا کہ اس کے 10 اضلاع میں کورونا وائرس کے صرف 4 مریض رہ گئے ہیں۔

ایک بیان میں حکام نے بتایا تھا کہ ان 4 مریضوں میں سے 3 مقامی ہیں جبکہ ایک غیر ملکی سیاح ہے اور تمام کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس مارچ 2020 میں ایک خاتون میں سامنے آیا تھا۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں کورونا پھیلنے کی شرح ایک فیصد پر آگئی ہے، وزیر اعلیٰ

خیال رہے کہ گلگت بلتستان حکومت کی جانب سے جہاں ایک طرف خطے کو 'کورونا فری' بنانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے تو وہیں پاکستان کے دیگر صوبوں میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید ایک ہزار 786 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 95 ہزار 239 ہوگئی۔

اسی طرح ملک میں مزید 43 افراد اس وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کے انتقال کے بعد ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 324 تک پہنچ گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں