بھارت: بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی حملے میں زخمی

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2021
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ  ان پر اس وقت حملہ کیا گیا جب پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔---فوٹو: بشکریہ این ڈی ٹی وی
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان پر اس وقت حملہ کیا گیا جب پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔---فوٹو: بشکریہ این ڈی ٹی وی

بھارتی ریاست بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئیں۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممتا بینرجی نندی گرام کی اسمبلی کے انتخابات کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرنے گئیں تھیں۔

مزید پڑھیں: بھارتی سیاستدان کے خلاف ریپ، اقدام قتل کے مقدمات اترپردیش سے نئی دہلی منتقل

اس حوالے سے وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے کہا کہ انہیں 4 سے 5 افراد کے ایک گروہ نے ان کی گاڑی کے اندر زبردستی دھکیلا اور زور سے دروازہ بند کردیا۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان پر اس وقت حملہ کیا گیا جب پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔

علاوہ ازیں ان کی پارٹی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔

ترنمول کے رکن پارلیمنٹ سکینڈو سیکھر رے نے بتایا کہ شام 6 بجکر 5 منٹ پر جب وزیر اعلیٰ ایک مندر میں پوجا کے بعد بریولیا آنچل جانے والی تھی تو کچھ نامعلوم افراد نے انہیں گاڑی کی طرف دھکیل دیا اور زبردستی دروازہ بند کردیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعے کے نتیجے میں وزیراعلیٰ کی بائیں ٹانگ میں چوٹ آئی اور انہیں کمر میں شدید درد کی شکایت بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں مذہبی فسادات پر امریکی سیاستدانوں کا اظہار افسوس

یہ واقعہ ریپرا سے 5 کلومیٹر دور واقع برولیا آنچل مارکیٹ میں پیش آیا۔

وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے صحافیوں کو بتایا کہ 4 یا 5 افراد نے انہیں اس وقت دھکا دیا جب وہ اپنی گاڑی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہی تھیں۔

انہوں نے اپنی ٹانگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’دیکھیں اس میں کس طرح سوجن ہو رہی ہے‘۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’یقینا یہ ایک سازش ہے اس وقت حملہ ہوا جب میرے آس پاس کوئی پولیس اہلکار موجود نہیں تھا‘۔

66 سالہ وزیر اعلیٰ کو اس سے قبل 1991 میں بھی ایسی ہی ایک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کچھ لوگوں نے ان پر حملہ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی سیاستدان کی عوام کو مسلمانوں سے سبزی نہ خریدنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ کے اعصابی ٹیسٹ اور بائیں ٹانگ کے ایکسرے سمیت متعدد طبی ٹیسٹ ہوئے ہیں۔

انہیں رات گئے ایس آر کے ایم کے بنگور انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں ایم آر آئی کے لیے بھیجا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ان کے پاؤں پر زخم آئے ہیں جو سوجن اور تکلیف دہ ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں