پاکستان میں مسلسل پانچویں روز 2 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2021
ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 453 تک جا پہنچی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 453 تک جا پہنچی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا اعلان کردیا گیا ہے جس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ پنجاب ہے، وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پنجاب میں صوبائی حکومت نے 2 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔

شعبہ صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ پنجاب کے چار شہروں میں وبا کے 70 فیصد کیسز دراصل برطانیہ میں پائی جانے والی نئی قسم کے کورونا وائرس کی نشاندہی کرتے ہیں۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 253 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی اور مزید 29 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

اسی طرح ملک میں کورونا وائرس متاثرین کی مجموعی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 453 تک جا پہنچی ہے جس میں سے 13 ہزار 537 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ 19 کا شکار مزید ایک ہزار 307 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے اور یوں صحتیاب مریضوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 71 ہزار 878 ہوگئی۔

پاکستان میں اس وائرس سے اب تک 94.1 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 22 ہزار 38 تک جا پہنچی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش کے ساتھ ساتھ مختلف پابندیوں اور لاک ڈاؤن کے نفاذ اور ہٹانے کا سلسلہ جاری رہا۔

این سی او سی کی جانب سے 15 مارچ سے انِڈور شادیوں، ڈائننگ اور سینما گھروں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے وبا کی صورتحال کے باعث واپس لے لیا گیا جبکہ 9 شہروں کے تعلیمی اداروں میں 15 سے 28 مارچ تک تعطیلات دے دی گئی تھیں۔

آج 15 مارچ کو پاکستان کے چاروں صوبوں اور وفاقی اکائیوں میں وائرس کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ

سندھ جو اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے وہاں وائرس نے مزید 232 افراد کو متاثر کیا جبکہ 5 مریض اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنے۔

اس طرح سندھ میں وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 61 ہزار 411 ہوگئی اور اموات 4 ہزار 458 پر برقرار ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کی برطانوی قسم کا پھیلاؤ جاری ہے اور گزشتہ کئی روز سے یہاں انفیکشن کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ایک ہزار 191 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 16 مریض انتقال کر گئے۔

اس طرح پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 86 ہزار 659 اور اموات 5 ہزار 769 ہوگئیں۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کے 379 نئے کیسز اور 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس طرح سامنے آنے والے ان اعداد و شمار کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 76 ہزار 104 اور اموات 2 ہزار 159تک پہنچ گئیں۔

بلوچستان

رقبے کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان میں کورونا کی صورتحال قدرے بہتر تھی لیکن گزشتہ روز وہاں 14 نئے کیسز سامنے آئے۔

اس طرح وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 19 ہزار 220 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 202 پر برقرار ہے۔

اسلام آباد

ملک کے وفاقی دارالحکومت میں عالمی وبا کے 371 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مزید 2 مریض انتقال کر گئے۔

یوں اسلام آباد میں مجموعی کیسز 48 ہزار 81 تک پہنچ گئے اور اموات 526 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی وائرس کے پھیلاؤ میںاضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 65 افراد اس سے متاثر ہوئے جبکہ کسی مریض کا انتقال نہیں ہوا۔

آزاد کشمیر میں کورونا متاثرین کی تعداد 11 ہزار 17 ہوگئی جبکہ مرنے والوں کی تعداد 320 ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان کی حکومت خطے کو کورونا فری قرار دے چکی تھی تاہم 6 مارچ کے بعد وہاں 12 مارچ اور پھر گزشتہ روز کورونا وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔

اس علاقے میں کورونا کے مجموعی طور پر 4 ہزار 961 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 103 افراد کا انتقال ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں