آئی ایم ایف سے 50 کروڑ ڈالر کی قسط حاصل کرنے کے لیے حکومت متحرک

اپ ڈیٹ 20 مارچ 2021
آئی ایم ایف قسط کی اس وقت منظوری دے گا جب اسلام آباد ڈیڈ لائن کے مطابق قانون سازی کرے جو اب صرف آرڈیننس کے ذریعے ہی ممکن ہے، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی
آئی ایم ایف قسط کی اس وقت منظوری دے گا جب اسلام آباد ڈیڈ لائن کے مطابق قانون سازی کرے جو اب صرف آرڈیننس کے ذریعے ہی ممکن ہے، رپورٹ - فائل فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد: 50 کروڑ ڈالر کی پہلی قسط کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لیے سنجیدہ قدم اٹھاتے ہوئے حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس چھوٹ واپس لینے پر عمل درآمد اور 27 ماہ میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے خودکار بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ تقریباً 5.36 روپے اضافے کا میکینزم پر عمل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 24 مارچ کو ہونا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بورڈ قسط کی صرف اس وقت منظوری دے سکتا ہے جب اسلام آباد متفقہ ڈیڈ لائن کے مطابق قانون سازی کرے جو اب صرف آرڈیننس کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

خودکار بجلی کے نرخوں میں اضافے کے لیے آرڈیننس کا فوری طور پر اعلان اتنا اہم محسوس کیا گیا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بجلی نے 11 مارچ کو ایک بل کی پہلے ہی منظوری دے دی تھی اور وہ صرف قومی اسمبلی کے ذریعے باضابطہ منظوری کی منتظر ہے۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے معطل شدہ قرض پروگرام بحال کریا

پاور ڈویژن کی طرف سے جلدبازی میں وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کی گئی سمری میں کہا گیا کہ 'سرکلر ڈیٹ منیجمنٹ پلان (سی ڈی ایم پی) کے نفاذ، اور ٹیرف طے کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے عزم کو ظاہر کرنے کے لیے جلد از جلد ترامیم کا تعارف ضروری ہوگا لہذا یہ تجویز کی گئی ہے کہ ایک آرڈیننس کے ذریعے ترامیم متعارف کروائی جاسکتی ہیں'۔

اس آرڈیننس کو 'آرڈیننس برائے مزید ترامیم ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن آف الیکٹرک پاور ایکٹ 1997' کہا جائے گا۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ یہ آرڈیننس ملک میں بجلی کے شعبے کو شفاف اور انصاف پسندانہ ضابطہ اخلاق کے لیے ایک مناسب نظام دے گا جو تجارتی اصولوں اور حکومت کی سماجی و اقتصادی پالیسیوں پر مبنی ہوگا۔

فنانس ڈویژن کے معتبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دو دن کی تاخیر کے ساتھ قومی اسمبلی میں ایک مجوزہ بل پیش کیا تاہم اس وقت ایوان زیریں کا اجلاس ملتوی ہوچکا تھا تاہم آئی ایم ایف اس بہانے کو قبول کرنے پر راضی نہیں اور اسلام آباد سے کہا ہے کہ وہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے مجوزہ اقدامات جاری کرے'۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ 'ہم پہلے ہی آرڈیننس کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات مکمل کر چکے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کے پروگرام سے متعلق جلد 'اچھی خبر' ملے گی، گورنر اسٹیٹ بینک

انہوں نے بتایا کہ یہ آرڈیننس صرف 20 مارچ کی ڈیڈ لائن کی تعمیل کے لیے ہے جیسا کہ آئی ایم ایف سے اتفاق کیا گیا تھا تاہم آئی ایم ایف نے اس قسط کی منظوری کو قانون سازی سے یقین دہانی کے طور پر جوڑ دیا ہے کہ اسلام آباد اپنے عہد سے پیچھے نہیں ہٹے گا'۔

کارپوریٹ ٹیکس اصلاحات

کارپوریٹ انکم ٹیکس اصلاحات آئی ایم ایف کی سفارشات کے مطابق ہیں جس کا تخمینہ ہے کہ اس سے سالانہ 140 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔

اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ اسلام آباد 20 مارچ سے قبل پارلیمنٹ میں قانون سازی کے لیے پیش کرے گا جبکہ معاہدہ کیا گیا ہے کہ یہ یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ بینک سے ہائبرڈ سوشل پروٹیکشن اسکیم کیلئے 60 کروڑ ڈالر کا قرض طلب

آخری تاریخ کو پورا کرنے کے لیے اگلے 24 گھنٹوں میں کبھی بھی آرڈیننس جاری کیا جاسکتا ہے، آرڈیننس کے اجرا کے ساتھ ہی یہ فیصلے فوری طور پر نافذ العمل ہوجائیں گے۔

بجلی کے نرخوں میں اضافہ

وفاقی کابینہ کی توثیق شدہ سی ڈی ایم پی کے تحت ملک بھر میں بجلی کے بیس ٹیرف کو اگلے دو سالوں میں کم از کم تین مراحل میں کم 5.36 روپے فی یونٹ (34 فیصد سے زیادہ) بڑھانے کا منصوبہ ہے۔

سی ڈی ایم پی نے تخمینہ لگایا کہ اوسط یکساں نرخ آہستہ آہستہ 21.04 روپے فی یونٹ تک بڑھ جائے گی (ٹیکس، ڈیوٹیز، سرچارجز اور بل میں دیگر چیزوں کو چھوڑ کر) جو فی یونٹ قریب 15.68 روپے ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں