اسلام، عیسائیت اور ہندو مت سے متعلق جانتی ہوں، پریانکا چوپڑا

پریانکا نے
 اوپرا ونفرے کے شو 'سپر سول' میں شرکت  کی — فوٹو: اسکرین شاٹ
پریانکا نے اوپرا ونفرے کے شو 'سپر سول' میں شرکت کی — فوٹو: اسکرین شاٹ

ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے دھماکا خیز انٹرویو کے میزبان اوپرا ونفرے ایک بار پھر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

تاہم اس بار میزبان اوپرا ونفرے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے انٹرویو کی وجہ سے خبروں کا حصہ بنیں۔

اداکارہ پریانکا چوپڑا جو اکثر فخریہ طور پر خود کو 'گلوبل سٹیزن' کہتی ہیں، انہوں نے اوپرا ونفرے کے شو 'سپر سول' میں شرکت کی جس کا ایک پرومو وائرل ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا پریانکا چوپڑا امید سے ہیں؟

'سپر سول سنڈے' کے اس پرومو میں پریانکا چوپڑا دیگر مذاہب سے واقف ہونے سے متعلق گفتگو کرتی دکھائی دیں۔

ایک منٹ اور 56 سیکنڈ طویل اس پرومو میں پریانکا چوپڑا یہ گفتگو کر رہی ہیں کہ اپنی پوری زندگی میں وہ کس طرح عیسائیت، اسلام اور ہندو مذہب جیسے مختلف مذاہب سے جڑی رہیں۔

پریانکا چوپڑا اس شو میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی اپنی آپ 'ان فنشڈ' کی پروموشن کے لیے گئی تھیں۔

لگ بھگ 2 منٹ کے دورانیے پر مشتمل پرومو میں اوپرا ونفرے نے پریانکا چوپڑا سے پوچھا کہ کیا ان کی 'روحانی بنیاد' ہے۔

جس کا جواب دیتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ' میرا خیال ہے کہ میں اس تحربے سے گزری ہوں، آپ ٹھیک کہتی ہیں، جس ملک میں، میں رہی وہاں بھی کافی مذاہب ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

انہوں نے کہا کہ 'میں کانوینٹ اسکول میں پلی بڑھی، اس لیے میں عیسائیت سے آگاہ تھی، میرے والد مسجد میں گاتے تھے، اس لیے میں اسلام سے بھی واقف تھی'۔

پریانکا چوپڑا نے کہا کہ 'میں ایک ہندو خاندان میں بڑی ہوئی لہذا میں ہندو مت سے بھی واقف تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ روحانیت، بھارت کا اتنا بڑا حصہ ہے کہ آپ اسے نظرانداز نہیں کرسکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے والد کی تعلیمات پر یقین رکھتی ہیں جنہوں نے یہ سکھایا کہ تمام مذاہب ایک ہی خدا کی طرف جاتے ہیں۔

تاہم روحانیت سے متعلق پریانکا کے اس جواب پر کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پریانکا چوپڑا پر تنقید کی کہ وہ مذہب کے بارے میں بہت کم جانتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں