مظفر گڑھ: اسکول میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر طالبہ کے خلاف مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2021
اطلاع ملنے پر پولیس نے گورمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلے والا کو خالی کروالیا تھا —تصویر: محمد علی
اطلاع ملنے پر پولیس نے گورمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلے والا کو خالی کروالیا تھا —تصویر: محمد علی

مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی کے علاقے بیٹ میر ہزار خان گورمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلے والا میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے والی طالبہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز گورمنٹ گرلز ہائی اسکول بیلے والا میں زیر تعلیم لڑکی مہوش نے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے کہا کہ اسکول میں بم ہے جس سے سیکڑوں طالبات کی جانوں کو خطرہ ہے۔

مذکورہ اطلاع پر جتوئی تھانے کی اور میر ہزار خان تھانے کے پولیس اہلکار فوری طور پر گرلز ہائی اسکول پہنچے اور اسے گھیرے میں لینے کے بعد اسکول کو خالی کروالیا۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی یونیورسٹی میں بم کی'جھوٹی اطلاع'

پولیس اہلکاروں نے سیکڑوں طالبات کو اسکول سے باہر نکال کر تمام کمروں کا سرچ آپریشن کیا جو آدھے گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد اسکول کو کلئیر قرار دے دیا گیا۔

اطلاع جھوٹی ثابت ہونے پر پولیس نے ہیڈ مسٹریس نوشابہ اعظم سے طالبہ کی جھوٹی کال کے حوالے سے پوچھ گچھ کی تو انہوں بتایا کہا کہ مہوش ایک ہفتے سے اسکول ہی نہیں آرہی تھی۔

بعدازاں بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر طالبہ کے خلاف میر ہزار خان تھانے کے سب انسپکٹر محمد اکبر خان کی مدعیت میں ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

اس سلسلے میں پولیس نے طالبہ کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

مزید پڑھیں:ملتان: بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر 26 سال قید

رپورٹس کے مطابق جھوٹی کال کرنے والی طالبہ کے والد محنت مزدوری کی غرض سے علی پور میں تھے۔

اسکول میں بم موجود ہونے کی اطلاع ملنے اور پولیس کی بھاری نفری پہنچنے پر علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں