مریم نواز، مولانا فضل الرحمٰن کی طبیعت ناساز، سیاسی سرگرمیاں منسوخ

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2021
دونوں سیاسی رہنما بخار میں مبتلا ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز
دونوں سیاسی رہنما بخار میں مبتلا ہیں — فائل فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے طبیعت ناساز ہونے پر اپنی سیاسی سرگرمیاں چند روز کے لیے منسوخ کردیں۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور رہنما مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز نے طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے آئندہ 4 روز کے لیے سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں۔

مزیدپڑھیں: کورونا وائرس کے بحران میں سیاسی رہنماؤں کی جدوجہد پر ایک نظر

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی نائب صدر کو تیز بخار اور گلے میں شدید درد ہے۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ان کا کورونا کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ کا اتنظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وہ سیاسی سرگرمیاں چند روز کے لیے منسوخ کردیں۔

پارٹی ترجمان نے بتایا کہ مریم نواز طبعیت کی ناسازی کے باوجود لاہور ہائی کورٹ گئیں تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ایک موقع پر رپورٹرز سے کہا تھا کہ ان کے گلے میں درد ہے اس لیے وہ زیادہ اونچی آواز میں بات نہیں کرسکتیں۔

علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی طبیعت بھی ناساز ہے۔

اس حوالے سے پارٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمن 2 روز سے بخار میں مبتلا ہیں اور ڈیرہ اسمعیل خان میں اپنی رائشگاہ پر موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن میں سیاستدان کس طرح وقت گزار رہے ہیں؟

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا کورونا ٹسیٹ منفی آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمن نے طبعیت کی ناسازی کی وجہ سے سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ سربراہ پی ڈی ایم کو ڈاکٹرز نے مکمل آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

نعمان Mar 28, 2021 01:38pm
یہ تو ہوگا۔