پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 50 پیسے تک کی کمی کا امکان

اپ ڈیٹ 31 مارچ 2021
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی مخالفت کرے گی — فائل فوٹو: رائٹرز
ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی مخالفت کرے گی — فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کی کمی کی بنیاد پر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو منظوری کے لیے بھیجی گئی سفارشات کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے 50 پیسے تک کی کمی کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی **رپورٹ** کے مطابق ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ قیمتوں میں کمی کی سمری وزارت خزانہ کے پاس پہنچ گئی ہے اور اسے فیصلے کے لیے آج (بدھ کو) وزیراعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزارت خزانہ تیل کی قیمتوں میں کمی کی مخالفت کرے گی اور اسے تبدیل نہ کر کے پیٹرولیم لیوی کے ذریعے کچھ اضافی ریونیو حاصل کرنا چاہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد

ٹیکس کی موجودہ شرح کی بنیاد پر اوگرا نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 50 پیسے کم ہونے کا تخمینہ لگایا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 4 ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوئی ہے تاہم حکومت نے ہر 15 روز کے وقفے سے مسلسل 5 مرتبہ پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کیا اور 3 مرتبہ اسے برقرار رکھا۔

اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی ایکس ڈپو قیمت 116 روپے 0.08 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت 111 روپے 90 پیسے فی لیٹر ہے۔

اسی طرح مٹی کے تیل کی ایکس ڈپو قیمت 83 روپے 61 پیسے اور ایل ڈی او کی قیمت 81 روپے 42 پیسے ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پھر مہنگی، پیٹرول کی قیمت میں 2.70 روپے اضافہ

موجودہ سطح پر قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت نے 15 روز کے وقفے سے 3 مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں کمی کی۔

اس وقت پیٹرول پر 11 روپے 23 پیسے جبکہ ڈیزل پر 12 روپے 74 پیسے لیوی عائد ہے جبکہ مٹی کے تیل اور ایل ڈی او پر کوئی لیوی نہیں۔

اس ضمن میں ایک عہدیدار نے کہا کہ حکومت مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران پیٹرول لیوی کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات سے حاصل ہونے والے ریونیو کے ہدف سے 30 فیصد زائد آمدن اکٹھی کرچکی ہے۔


یہ خبر 31 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں