آرچ بشپ کی میگھن و شہزادہ ہیری کی خفیہ شادی کروانے کی تردید

اپ ڈیٹ 01 اپريل 2021
دونوں نے 19 مئی 2018 کو شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی
دونوں نے 19 مئی 2018 کو شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے پی

کیلسائے انگلستان کے سربراہ اور برطانوی ریاست انگلینڈ کے شہر کنٹربری کے آرچ بشپ نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کی کوئی خفیہ شادی نہیں کروائی تھی۔

امریکی خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق کلیسائے انگلستان یعنی چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ آرچ بشپ جسٹن ویلبے نے واضح کیا کہ انہوں نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی 19 مئی 2018 کو کروائی جو سب کے سامنے ہوئی۔

کلیسائے انگلستان کے سربراہ آرچ بشپ نے اٹلی کے اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ البتہ شادی سے قبل انہوں نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل سے متعدد ملاقاتیں کیں مگر انہوں نے ان کی خفیہ شادی نہیں کروائی۔

آرچ بشپ نے مذکورہ وضاحت میگھن مارکل کے دعوے کے کچھ ہفتوں کے بعد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی شہزادہ ہیری کی شادی میگھن سے انجام پائی

میگھن مارکل نے گزشتہ ماہ مارچ کے آغاز میں امریکی ٹی وی اسٹار اوپرا ونفرے کو دیے گئے تہلکہ خیز انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی اور شہزادہ ہیری کی عوام کے سامنے ہونے والی شادی سے قبل ہی شادی ہوگئی تھی، عوام کے سامنے تو انہوں نے دکھاوا کیا تھا۔

میگھن مارکل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے عوام کے سامنے شادی سے تین دن قبل ہی شادی کرلی تھی—فائل فوٹو: اے پی
میگھن مارکل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے عوام کے سامنے شادی سے تین دن قبل ہی شادی کرلی تھی—فائل فوٹو: اے پی

میگھن مارکل نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی 19 مئی کو عوام کے سامنے ہونے والی شادی سے تین دن قبل حقیقی شادی ہوگئی تھی اور وہ شادی آرچ بشپ جسٹن ویلبے نے کروائی تھی۔

میگھن مارکل کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوام سے چھپ کر شادی کرنے کے بعد دنیا کو دکھانے کے لیے 19 مئی 2018 کو شادی کی تاہم آرچ بشپ نے میگھن مارکل کے دعوے کو مسترد کردیا۔

مزید پڑھیں: برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں بچے کی پیدائش

آرچ بشپ جسٹن ویلبے کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل قانونی و مذہبی طور پر 19 مئی 2018 کو رشتہ ازدواج میں بندھے اور اس سے قبل انہوں نے کوئی شادی نہیں کروائی۔

آرچ بشپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے 19 مئی کو ہونے والی شادی کے قانونی دستاویزات پر بھی دستخط کیے اور اگر جوڑے کی شادی پہلے ہو چکی ہوتی اور وہ دستخط بعد میں کرتے تو وہ جرم ہوتا اور وہ ایسا بلکل نہیں کرتے۔

میگھن مارکل کےہاں مئی 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: ڈیوک آف سسیکس انسٹاگرام
میگھن مارکل کےہاں مئی 2019 میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی—فوٹو: ڈیوک آف سسیکس انسٹاگرام

آرچ بشپ جسٹن ویلبے نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شاہی جوڑے کی شادی 19 مئی کو ہی کروائی۔

خیال رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد منگنی کی تھی، جس کے بعد دونوں نے 19 مئی 2018 کو شادی کی۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع

جوڑے کے ہاں مئی 2019 میں پہلے بیٹے ’آرچی‘ کی پیدائش ہوئی اور اب جوڑے کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے آزادانہ زندگی گزارنے کے لیے مارچ 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کرکے شاہی محل چھوڑ دیا تھا اور اب وہ امریکا میں مقیم ہیں۔

دونوں میاں بیوی اب نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں بنانے سمیت اسپاٹی فائے کے لیے پوڈکاسٹ شو کریں گے جب کہ حال ہی میں شہزادہ ہیری کو ایک فلاحی ادارے میں کل وقتی ملازمت بھی ملی تھی۔

رواں برس جوڑے کے بڑے بیٹے کی دوسری سالگرہ ہوگی—فائل فوٹو: میگا ایجنسی
رواں برس جوڑے کے بڑے بیٹے کی دوسری سالگرہ ہوگی—فائل فوٹو: میگا ایجنسی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں