'بچوں میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح میں بڑا اضافہ نہیں ہوا'

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2021
فورم  نے بچوں میں کووِڈ 19 کے مثبت کیسز میں اضافے کا جائزہ لیا—فائل فوٹو: رائٹرز
فورم نے بچوں میں کووِڈ 19 کے مثبت کیسز میں اضافے کا جائزہ لیا—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی گزشتہ 2 لہروں کے اعداد و شمار کے مقابلے میں بچوں کے متاثر ہونے کی شرح میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں این سی او سی کا یہ بھی کہنا تھا کہ فورم نے بچوں میں کووِڈ 19 کے مثبت کیسز میں اضافے کا جائزہ لیا۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ گزشتہ لہروں کے اعداد و شمار کے مقابلے میں بچوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس کی نئی قسم بچوں کو زیادہ متاثر کررہی ہے، رپورٹ

این سی او سی نے بتایا کہ تینوں لہروں میں ایک سے 10 تک کی عمر کے بچوں میں انفیکشن کی شرح مجموعی کیسز کے تقریباً 3 فیصد تک رہی۔

یہ وضاحت شہریوں میں پائی جانے والی اس تشویش اور تحفظات پر سامنے آئی کہ اس مہلک وائرس کی نئی لہر بچوں کو گزشتہ 2 لہروں کے مقابلے میں زیادہ متاثر کررہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر منہاج السراج نے کہا تھا کہ ایسے کوئی سائنسی شواہد موجود نہیں جس سے یہ ثابت ہو کہ نئی قسم سے بچے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ وائرس کی پہلی لہر کے دوران 30 سال سے کم عمر ایک فرد بھی ہسپتال میں داخل نہیں ہوا تھا لیکن دوسری لہر میں 12 سال تک کی عمر کے بچے داخل کیے گئے اور اب تیسری لہر کے دوران نوزائیدہ بچے بھی ہسپتالوں میں آرہے ہیں۔

مزید پڑھیں: پنجاب: نئی قسم کے کورونا وائرس سے نو عمر، نابالغوں کی بڑی تعداد متاثر

پمز کے چلڈرن ہسپتال میں پیڈیاٹرک میڈیسن یونٹ کے پروفیسر ڈاکٹر مقبول حسین نے کہا تھا کہ اعداد و شمار پر مبنی معلومات دستیاب نہیں لیکن پہلی اور دوسری لہر کے دوران حالیہ لہر کے مقابلے میں کم تعداد میں بچے متاثر ہوئے تھے۔

علاوہ ازیں بزرگ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے این سی و سی نے کہا کہ اب 65 سال سے معمر افراد اپنے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ کسی بھی ویکسینیشن سینٹر جا کر موقع پر ہی رجسٹریشن اور ویکسینیشن کرواسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں ایک اجلاس میں این سی او سی نے کورونا ایس او پیز سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

فورم نے ماسک نہ پہننے، معاشرتی دوری اور تجارتی اوقات سے متعلق ایس او پیز پر عمل کرنے سے متعلق این سی او سی کی ہدایات پر عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور کے 3 ہسپتالوں میں کورونا ویکسین ‘اسکینڈل‘ سامنے آگیا

چیئرمین اسد عمر اور کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ویکسین کے خریداری کے عمل اور اس کے بعد صوبوں کو منصفانہ تقسیم کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 65 سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہری مقررہ مقامات پر تفصیلات کے اندراج کی سہولت کے ذریعے ویکسین لگانے والے مراکز میں جاسکتے ہیں۔

فورم میں بچوں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کے واقعات میں اضافے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں