مقتول صحافی ڈینیئل پرل کیلئے انصاف کی کوششیں جاری رہیں گی، امریکا

اپ ڈیٹ 04 اپريل 2021
ڈینیئل پرل کیس کے ملزمان کی رہائی پر امریکا نے قانونی کارروائی کی پیشکش کی تھی—فوٹو: ڈان آرکائیو
ڈینیئل پرل کیس کے ملزمان کی رہائی پر امریکا نے قانونی کارروائی کی پیشکش کی تھی—فوٹو: ڈان آرکائیو

واشنگٹن: امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی جے بلنکین نے مقتول امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے اہل خانہ سے بات کرکے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ مقتول کے لیے انصاف کی کوششیں کرتی رہے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ انٹونی جے بلنکین نے جمعے کو ڈینیئل پرل کے اہل خانہ اور ان کے نمائندوں سے بات کی۔

مزید پڑھیں: ڈینیئل پرل قتل کیس: سیکیورٹی خدشات پر مرکزی ملزم عمر شیخ لاہور منتقل

انٹونی جے بلنکین نے بتایا کہ ملاقات میں انہیں یقین دلایا گیا کہ امریکی حکومت ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد کے لیے انصاف اور احتساب کے لیے پرعزم ہے۔

ڈینیئل پرل وال اسٹریٹ جرنل کے ساؤتھ ایشیا بیورو میں کام کرتے تھے اور 2002 میں القاعدہ سے متعلق ایک کہانی کی تحقیقات کے دوران انہیں کراچی میں اغوا کیا گیا اور پھر قتل کردیا گیا تھا۔

اس کے بعد سے امریکی انتظامیہ ڈینیئل پرل کے لیے انصاف کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینیئل پرل کیس کے ملزمان کو ریسٹ ہاؤس منتقل کردیا گیا

جوبائیڈن انتظامیہ نے بھی ڈینیئل پرل کیس کے متعدد ملزمان کو رہا کرنے کے حالیہ عدالتی احکامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

30 جنوری کو وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا اور ان پر زور دیا کہ وہ ان مشتبہ افراد کا احتساب یقینی بنائیں جو پہلے ہی اس معاملے میں نامزد کیے جا چکے ہیں۔

بعدازاں سپریم کورٹ کی جانب سے ان ملزمان کو بری کرنے کا فیصلہ سنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ڈینیئل پرل کیس: سپریم کورٹ کا مرکزی ملزم عمر شیخ کی رہائی کا حکم

ٹیلی فونک گفتگو کے ایک روز قبل جاری کردہ بیان میں امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی جے بلنکین نے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ کو امریکا میں منتقل کرنے کی پیش کش کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد اور ان کی رہائی کے لیے کسی مجوزہ کارروائی میں ملوث افراد کو بری کرنے کے پاکستانی سپریم کورٹ کے فیصلے سے امریکا کو سخت تشویش ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم امریکی شہری کے خلاف بھیانک جرائم کے بعد بھی امریکا میں احمد عمر شیخ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے تیار ہیں۔


یہ خبر 4 مارچ 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں