فیس بک کے 50 کروڑ سے زیادہ صارفین کی ذاتی تفصیلات ہیکرز کے ہاتھ لگنے کے بعد اب آن لائن جاری کردیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر مارک زکربرگ کا فون نمبر بھی شامل ہے۔

آن لائن مفت دستیاب اس ڈیٹا سے ایک بار پھر اندازہ ہوتا ہے کہ فیس بک صارفین کے بارے میں کتنی زیادہ تفصیلات اکٹھی کرتی ہیں اور کچھ زیادہ محفوظ نہیں۔

53 کروڑ 30 لاکھ فیس بک صارفین کی مختلف تفصیلات جیسے فون نمبر، فیس بک آئی ڈیز، مکمل نام، لوکیشنز، تاریخ پیدائش، بائیو اور کچھ کے ای میل ایڈریسز ایک ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

صارفین کے ڈیٹا کے لیک ہونے کی تصدیق فیس بک کے ایک ترجمان نے کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پرانا ڈیٹا ہے جس کے بارے میں 2019 میں رپورٹ سامنے آئی تھی، جس کو دریافت کرکے اگست 2019 میں مسئلے کو حل کردیا گیا تھا۔

اگست 2019 میں کمپنی نے اپنے سرور میں موجود اس خامی کو دور کردیا تھا جس کے باعث یہ تفصیلات ہیکرز کو لیک کرنے کا موقع ملا، تاہم ایک بار سرور سے ڈیٹا نکلنے کے بعد کمپنی کے پاس اسے پھیلنے سے روکنا آسان نہیں ہوتا۔

سائبر کرائم انٹیلی جنس کمپنی ہڈسن روک کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر الون گال نے اس ڈیٹا کو 3 اپریل 2021 کو دریافت کیا۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اتنے بڑے ڈیٹابیس کو اکثر فوری طور پر بڑے پیمانے پر شیئر نہیں کیا جاتا کیونکہ ہیکرز اس سے طویل المعیاد بنیادوں پر کمانے کے خواہشمند ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کئی ہفتے یا برس لگ سکتے ہیں مگر بتدریج یہ تمام ڈیٹابیس لیک ہوجاتا ہے۔

53 کروڑ صارفین کا ڈیٹا اس وقت ایک ہیکنگ فورم میں مفت دستیاب ہے۔

دوسری جانب ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کا فون نمبر بھی اس تفصیلات کا حصہ ہے۔

درحقیقت ایسا دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مارک زکرگ کی ذاتی تفصیلات بشمول نام، لوکیشن، شادی کی تفصیلات، تاریخ پیدائش اور فیس بک یوزر آئی ڈی سب لیک ہوئی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں