کووڈ 19 کے نتیجے میں مردوں میں ایریکٹائل ڈسفنکشن (ای ڈی) یا ایستادگی کی صلاحیت سے محرومی کا خطرہ لگ بھگ 6 گنا بڑھ جاتا ہے۔

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

یہ پہلی تحقیق ہے جس میں جوان مردوں میں ای ڈی اور کووڈ 19 کے درمیان تعلق پر کام کیا گیا۔

یہ ابتدائی اعدادوشمار اس بات کا عندیہ بھی دیتے ہیں کہ ای ڈی سے متاثر مردوں میں کووڈ 19 کا خطرہ بھی دیگر کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ کووڈ 19 کی تاریخ رکھنے والے مردوں میں ای ڈی کا خطرہ 5.66 گنا زیادہ ہوتا ہے اور دیگر عناصر کو مدنظر رکھنے کے بعد بھی اتنا خطرہ برقرار رہتا ہے۔

اٹلی کی روم یونیورسٹی کی اس تحقیق کے نتائج مارچ میں اینڈرولوجی میں شائع ہوئے تھے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ای ڈی کووڈ 19 کی مختصر اور طویل المعیاد پیچیدگی ہوسکتی ہے۔

محققین کا کہنا تھا کہ درحقیقت مردوں کو بیماری سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر خصوصی توجہ دینی چاہیے کیونکہ اس طرح وہ اپنی جنسی صلاحیت کو نقصان ہونے سے بچاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ عمر، ذیابیطس، زیادہ جسمانی وزن اور تمباکو نوشی کووڈ 19 کا شکار بنانے والے اہم عناصر ہیں اور یہی ای ڈی کا خطرہ بڑھانے والے اہم عناصر بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کے نتائج سے ای ڈی، دل کی شریانوں کے امراض اور کووڈ کے درمیان تعلق بنانے والے میکنزمز کے بارے علم ہوتا ہے۔

شیفیلڈ یونیورسٹی کے پروفیسر ایلن پرسی (اس تحقیق کا حصہ نہیں تھے) نے اس نتائج کے بارے میں کہا کہ یہ ایک اچھے طرح سے کی گئی تحقیق محسوس ہوتی ہے، تاہم فی الحال یہ تعلق زیادہ واضح نہیں، تاہم محققین نے ایک قابل قبول میکنزم کا کر کیا ہے جس سے عندیہ ملتا ہے کہ کووڈ 19 ممکنہ طور پر براہ راست ای ڈی کا باعث بن سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نتائج کو دیکھتے ہوئے ہم مردوں پر زور دیتے ہیں کہ یہ اچھی وجہ ہے کہ فیس ماسک کو پہنا جائے، سماجی دوری کی مشق پر عمل کیا ججائے اور ویکسین ملنے پر اسے لگوایا جائے۔

دوسری جانب امریکا کے میموریل سلون کیٹرنگ کینسر سینٹر کے یورولوجسٹ جان مول ہال نے کہا کہ یہ ابتدای تحقیق ہے مگر ڈیٹا سے کووڈ 19 اور ای ڈی کے درمیان ممکنہ تعلق کا عندیہ ملتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے طویل المعیاد تجزیے کی ضرورت ہے تاکہ وجہ کا تعین کیا جاسکے۔

اس تحقیق کے دوران ایک آن لائن کووڈ سروے سے ڈیٹا حاصل کیا گیا تھا جو 7 اپریل سے 4 مئی 2020 تک ہوا تھا۔

اس سروے میں 18 سال سے زائد عمر کے 6821 مردوں اور خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 25 جوان مردوں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ کووڈ 19 کو رپورٹ کرنے والے مردوں میں ای ڈی کی شرح (28 فیصد) ان کی عمر کے دیگر افراد کے مقابلے میں (9.33 فیصد) بہت زیادہ تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں