عید کے بعد تمام شہریوں کیلئے ویکسین کی رجسٹریشن ہوگی، اسد عمر

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2021
اسد عمر نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز
اسد عمر نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے — فائل فوٹو / ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت عید کے بعد تمام شہریوں کے لیے کورونا ویکسین کی رجسٹریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

ان کی جانب سے یہ اعلان ملک میں بدھ کو کورونا سے مسلسل دوسرے روز 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے کے بعد سامنے آیا، جس کے بعد مجموعی اموات 15 ہزار سے زائد ہوگئیں۔

رواں ہفتے کے اوائل میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے 80 سے زائد عمر کے افراد کو ان کے گھروں پر کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھیں: 80 سال اور اس سے معمر شہریوں کو ان کے گھروں میں ویکسین لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے آئندہ پانچ سے چھ ہفتوں کو اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اب تک نجی شعبے سے 14 ہزار افراد نے ویکسین لگوائی ہے جبکہ سرکاری سطح پر 11 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے لیے اس وقت چین، پاکستان کا بنیادی ذریعہ ہے جبکہ عید کے بعد ملک میں کورونا کی کین سینو ویکسین بھی دستیاب ہوگی۔

اسد عمر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ عید کے بعد ہم یومیہ ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین لگانے کے قابل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد پہلی لہر سے زیادہ ہے جو تشویش کی بات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویکسین کی خریداری کا معاملہ، حکومت کی اے ڈی بی، عالمی بینک سے بات چیت

وفاقی وزیر نے زور دیتے ہوئے کہا کہ 'ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کے ذریعے کیسز کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے'۔

واضح رہے کہ متعدد اقدامات کے باوجود پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا پھیلاؤ کم ہوتا نظر نہیں آرہا اور ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 19 جون کے بعد سب سے زیادہ رہی۔

کووِڈ-19 کے اعداد و شمار کے لیے بنائی گئی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق پاکستان میں مزید 5 ہزار 329 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 98 مریض انتقال کر گئے۔

تبصرے (0) بند ہیں