محکمہ موسمیات کی کراچی میں 23 سے 25 اپریل تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی

اپ ڈیٹ 21 اپريل 2021
ماہرین صحت نے عوام کو ہیٹ ویو کے دوران بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ماہرین صحت نے عوام کو ہیٹ ویو کے دوران بلاضرورت گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر نے کراچی اور اس کے نواحی علاقوں میں 23 سے 25 اپریل تک ہیٹ ویو کی پیش گوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری بیان کے مطابق کراچی میں جمعہ سے اتوار تک موسم شدید گرم رہ سکتا ہے اور درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں ہیٹ ویو کے اثرات، موسم شدید گرم

بیان میں کہا گیا کہ اس دوران دن بھر میں سمندری ہوائیں نہیں چلیں گے البتہ شام میں موسم قدرے بہتر رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران گرم مرطوب ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ کراچی میں آج اور کل بھی موسم قدرے گرم رہنے کا امکان ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹری گریڈ کے درمیان رہے گا۔

یہ اس سال موسم گرما میں دوسری ہیٹ ویو ہے، گزشتہ ماہ سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی پڑی تھی اور کراچی میں 31 مارچ کو درجہ حرارت 40.2 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

2015 میں کراچی میں 50 سالوں کی بدترین ہیٹ ویو آئی تھی جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد کی موت واقع ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں اگلے 6 سے 8 روز تک ہیٹ ویو کا امکان

اس سال 19 جون سے شروع ہونے والی ہیٹ ویو میں شہر میں پانچ دن شدید گرمی پڑی تھی جس کے نتیجے میں 1200 افراد ہلاک اور 40 ہزار سے زائد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو گئے تھے۔

احتیاطی تدابیر

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شہری علاقوں میں رہنے والوں کے ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کا زیادہ خدشہ ہوتا ہے کیونکہ یہ شہری علاقے گرم جزیرے بن جاتے ہیں، 2015 میں 65 ہزار سے زائد افراد کا کراچی میں قائم 50 بحالی کے مراکز میں علاج کیا گیا تھا۔

شہریوں کو اس دوران گھر سے باہر نہ نکلنے اور گرم غذائیں کھانے سے پرہیز کرنے کے ساتھ ساتھ روزہ رکھنے سے قبل پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

انتہائی گرم موسم کے پیش نظر ماہرین صحت نے عوام کو گھر، دفتر اور ٹھنڈے مقامات پر رہنے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ سفر کرنے والے افراد احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو کی پیشگوئی کردی

ماہرین صحت نے لوگوں کو شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران تازہ اور ہلکی پھلکی غذائیں استعمال کرنے سمیت زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔

ہیٹ ویو سے متاثر ہونے کی علامات و وجوہات

واضح رہے کہ ان وجوہات کے باعث ہیٹ ویو ہوسکتا ہے اور متاثرہ شخص میں یہ علامات ہوسکتی ہیں۔

  • جسم میں پانی کی کمی
  • گرم و خشک موسم
  • گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش
  • دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا
  • گھر سے باہر کام یا آﺅٹ ڈور ورکنگ
  • غشی طاری ہونا
  • جسم سے پسینے کا اخراج رک جانا
  • دل کی دھڑکن بہت زیادہ بڑھ جانا
  • جلد سرخ، گرم اور خشک ہوجانا
ہیٹ ویو سے متاثر ہونے پر کیا کرنا چاہیے؟

سب سے پہلے تو ایمبولینس کو طلب کریں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)، ایمبولینس کے انتظار کے دوران مریض کو کسی سایہ دار جگہ پر منتقل کردیں۔

—فائل/فوٹو:لیڈ پاکستان
—فائل/فوٹو:لیڈ پاکستان

  • مریض کو فرش پر لٹا دیں اور اسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاﺅ بڑھ جائے)۔

  • مریض کے کپڑے تنگ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔

  • مریض کے جسم پر ٹھنڈی پٹیاں رکھیں یا ٹھنڈے پانی کا اسپرے کریں۔

  • پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو کسی بھی چیز سے خود مریض کو ہوا دیں۔

اس سے ہٹ کر بھی گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں چاہے روزہ ہی کیوں نہ ہو اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں کیونکہ روزے کا کفارہ ہوسکتا ہے مگر جان پھر واپس نہیں آسکتی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں