جون ایلیا کی شاعری کی تضحیک پر ساحر لودھی کا ردعمل سامنے آگیا

اپ ڈیٹ 02 مئ 2021
ساحر لودھی کو سوشل میڈیا پرشدید تنقید کا سامنا ہے
فائل فوٹو: فیس بک
ساحر لودھی کو سوشل میڈیا پرشدید تنقید کا سامنا ہے فائل فوٹو: فیس بک

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر معروف ٹی وی شو ہوسٹ ساحر لودھی کی ایک ویڈیو گردش کررہی تھی جس میں اردو کے مقبول شاعر جون ایلیا کے شعر کی تضحیک پر انہیں صارفین کی شدید تنقید کا سامنا بھی ہوا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو بیت بازی پر مشتمل سیگمنٹ کی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقابلے میں شریک امیدوار نے جون ایلیا کا شعر پڑھا لیکن ساحر لودھی نے ان سے شعر کا پہلا مصرعہ دوبارہ پڑھنے کو کہا اور پھر کہا کہ 'مجھے لگ رہا ہے یہ شعر ٹھیک نہیں اور اس شعر میں وزن نہیں'۔

اس سیگمنٹ میں موجود ججز نے بھی ساحر لودھی سے اتفاق کیا تھا اور اس دوران اینکر پرسن، جون ایلیا کے شعر کے مصرعہ 'تم سے مل کر بہت خوشی ہو کیا ' کو درست قرار نہ دینے پر بضد رہے تھے کہ اس کا کوئی مطلب نہیں بن رہا۔

مزید پڑھیں: جون ایلیا کی شاعری کی تضحیک پر ساحر لودھی کو تنقید کا سامنا

تاہم جس امیدوار نے یہ شعر پڑھا تھا انہوں نے اپنا بھرپور دفاع کرنے کی کوشش کی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے شعر صحیح پڑھا ہے۔

ویڈیو میں ساحر لودھی نے کہا تھا کہ 'یہ رنگ تو جون بھائی کا ہی ہے لیکن یہ شعر جون ایلیا کا نہیں ہوسکتا، جیسے آپ لوگ ریختہ میں سے نکال کر کچھ بھی پڑھ لیتے ہیں نا پہلا مصرعہ اقبال کا، دوسرا وصی شاہ کا، تیسرا کسی اور کا'۔

اس دوران ساحر لودھی، جون ایلیا کے شعر کو غلط کہتے مصروف نظر آئے تھے اور انہوں نے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ میرے لیے یہ شعر نہیں ہے اور ججز کا بھی یہی فیصلہ ہے۔

جس کے بعد سے مختلف سوشل میڈیا سائٹس پر ساحر لودھی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ یہ بھی کہا جارہا تھا کہ انہوں نے کسی اور شاعر کے شعر کو بھی مسترد کردیا ہے۔

اور اب ساحر لودھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے حوالے سے وضاحت سامنے آئی ہے جس میں وہ صارفین کی تنقید اور رویے سے افسردہ بھی نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں: آن ایئر شو میں طالبہ پر چلانے کے بعد ساحر لودھی کی وضاحت

رمضان ٹرانسمیشن کے دوران انہوں نے براہ راست سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کو مخاطب کیا اور وائرل ہونے والی ویڈیو سے متعلق بات کی۔

ساحر لودھی نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں میں ایک پرانی ویڈیو کو وائرل کیا گیا، اس پر بہت سے لوگوں نے بات کی، پہلے تو مجھے سمجھ نہیں آیا، یہ پچھلے سال کی ویڈیو تھی اور پھر 2 سے 3 ویڈیوز کو مکس کردیا گیا۔

اینکر کا کہنا تھا کہ اس لیے میں کچھ چیزیں واضح کرنا چاہتا ہوں، میں نے اس پر پہلے بھی معذرت کی تھی، میں آج بھی تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں، اگر میری بات سے کسی شخص کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت کرتا ہوں۔

ساحر لودھی نے مزید کہا کہ ایسا اکثر ہوتا ہے کہ بہت سے اشعار آپ کی نظر سے نہیں گزرتے تو وہ شعر بھی میری نظر سے نہیں گزرا تھا، میں نے یہی کہا تھا کہ رنگ تو جون ایلیا صاحب کا ہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پھر بھی اگر میری کسی بات سے آپ کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں دل کی گہرائیوں سے معذرت خوا ہوں۔

ساحر لودھی نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید سے متعلق کہا کہ 'میرے لیے پچھلے 2 دن بہت تکلیف دہ رہے'۔

انہوں نے فیس بک اور واٹس ایپ چیٹ کا ایک اسکرین شاٹ دکھاتے ہوئے کہا کہ 'میرا نمبر فیس بک پر عام کردیا گیا، میں کیا کہوں مجھے اپنا نمبر بند کرنا پڑا'۔

ٹی وی شو ہوسٹ نے مزید کہا کہ 'میری بیٹی اور والدہ کے متعلق جس قسم کی زبان استعمال ہوئی، جو میسجز اور کالز مجھے آئیں، یہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ تھا'۔

ساحر لودھی نے مزید کہا کہ 'میں نے زندگی میں ہمیشہ یہ کوشش کی ہے کہ مجھ سے کہیں غلطی ہوتی ہے تو خود کو آپ کے سامنے پیش کروں، آپ ہی مجھے عزت دیتے ہیں، آپ ہی مجھے مان دیتے ہیں'۔

مزید پڑھیں: رمضان ٹرانسمیشن: عامر لیاقت کی ویڈیوز پر عوام کے دلچسپ تبصرے

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'میں باآسانی بہت سی اور جگہوں پر رہ سکتا تھا لیکن میری مٹی اس ملک کی ہے، میں یہیں رہا ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'میری بیٹی 5 سال کی ہے، میری والدہ اور والد دونوں بوڑھے ہیں اور بیمار رہتے ہیں، کل شام جب میں اپنے والدین کے پاس گیا تو ان کی طبیعت ناساز تھی'۔

ساحر لودھی نے کہا کہ یہ سب کہنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ نے میرے ساتھ تو کرلیا کسی اور کے ساتھ مت کیجیے گا، میرا یہ نمبر عام ہوا، لوگوں نے مجھے اتنے میسجز اور کالز کیں کہ مجھے اسے بند کرنا پڑا کہ اب میں اسے کھول بھی نہیں سکتا کیونکہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد مجھے کال کررہی تھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھ سے تو جو بھی نمبر مانگتا تھا میں دے دیا کرتا تھا، بہرحال جنہوں نے یہ کیا پہلے تو میں ان سے معذرت کرتا ہوں کہ شاید انہیں میری کوئی بات بری لگی ہو یا تکلیف پہنچی ہو۔

اینکر پرسن نے کہا کہ میں آپ سے 2 چیزیں کہوں گا، کوشش کیجیے گا آئندہ کسی اور کے ساتھ ایسا نہ کریں دوسری چیز یہ کہ میرے دل میں آپ کے لیے کوئی میل نہیں۔

ساحر لودھی نے کہا کہ میری آپ سے گزارش ہے کہ کبھی کبھی یہ چیزیں انتہائی افسوسناک صورتحال اختیار کرجاتی ہیں اور ہمیں اندازہ نہیں ہوتا کہ ہم کتنا نقصان پہنچادیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان میرا ملک ہے، یہاں کے ادیب شعرا اور ان کی عظمتیں میرا اثاثہ ہیں، جون ایلیا سے میری 2 ملاقاتیں ہوئیں اور وہ 2 ملاقاتیں میری زندگی کا بھی سرمایہ ہیں'۔

ساحر لودھی نے کہا کہ 'میرا نمبر عام کیا گیا، میری والدہ اور بیٹی کے حوالے سے جنہوں نے باتیں کیں یا کالز کیں میری طرف سے معافی ہے، آئیں مل کر کچھ بہتر باتیں کرتے ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'کہیں اگر میری بات سے کسی کو تکلیف پہنچتی ہے اور کبھی بھی پہنچتی ہے تو میں معذرت یہاں بھی کرتا ہوں وہاں بھی کرلوں گا'۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2017 میں ساحر لودھی کی رمضان ٹرانسمیشن کی ایک قسط سےایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے طالبہ کو ان کی تقریر کے دوران روک کر اپنے غصے کا اظہار کرنا شروع کردیا تھا۔

اس ویڈیو کے بعد انٹرنیٹ پر ساحر لودھی کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا، جس پر انہوں نے وضاحت کی تھی کہ ان پر تنقید کرنے والوں کا رویہ گمراہ کن اور غیر منصفانہ ہے۔

بعدازاں رمضان ٹرانسمیشن کی ایک اور قسط میں ساحر لودھی نے اس واقعے پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ لوگ ان پر تنقید کررہے ہیں، لیکن کسی نے بھی وہ کلپ نہیں دکھائی جہاں انہوں نے طالبہ سے انہیں ٹوکنے اور غصہ کرنے پر معافی طلب کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Mamoon May 02, 2021 10:13pm
We must not be too personal to make life difficult for others.