اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، شہباز شریف

اپ ڈیٹ 12 مئ 2021
عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ اسرائیل کو ظلم وبربریت سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے، شہباز شریف - فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی برادری، اوآئی سی، عرب لیگ اسرائیل کو ظلم وبربریت سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے، شہباز شریف - فائل فوٹو: اے ایف پی

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اسرائیل پورے فلسطین کو قبرستان بنانے پر تلا ہوا ہے، اگر اسرائیل کا ظلم نہ روکا گیا تو پورا خطہ اور دنیا تباہی و بربادی کے جہنم میں جاگرے گی۔

غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ایک جاری بیان میں انہوں نے فلسطینیوں کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عالمی برادری، او آئی سی اور عرب لیگ، اسرائیل کو ظلم سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے'۔

انہوں نے کہا کہ 'اسلامی ممالک کا سربراہی اجلاس بلایا جائے اور اس قتل عام کو رکوایا جائے، بے گناہ خواتین اور شہید بچے پوری انسانیت سے انصاف کا سوال کررہے ہیں'۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 'یورپی یونین سمیت تمام مہذب دنیا کے بیان کافی نہیں، بے گناہوں کو بچانے کے لیے عملی قدم اٹھانا ہوگا'۔

مزید پڑھیں: عالمی برادری فلسطینیوں پر طاقت کے استعمال کو روکے، پاکستان

انہوں نے کہا کہ 'اسرائیل کی انسانیت سوز کارروائی نے مسلمانوں کی عیدالفطر کو غم میں بدل دیا ہے، شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کرتے ہیں'۔

واضح رہے کہ گزشہ روز فلسطینی سفیر احمد رفیعی سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے عالمی قوتوں بالخصوص پی 5 ممالک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسرائیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی تعمیل کرے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ 'ایسا کرنے میں ناکامی سے اقوام متحدہ کے چارٹر کے احترام اور اس کے عہد پر سوالات اٹھیں گے'۔

ملاقات میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال اور مریم اورنگزیب سمیت ان کی جماعت کے دیگر رہنما موجود تھے۔

شہباز شریف نے قوم اور مسلم لیگ (ن) اور پارٹی کے قائد نواز شریف کی طرف سے سفیر سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض فوج نے ایک مرتبہ پھر فلسطینیوں کو ان کے آبائی گھروں سے بے دخل کرنے کے لیے دہشت گردی شروع کردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسرائیل کی طرف سے مسجد اقصیٰ اور اس کے آس پاس فوجی کارروائیوں نے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ: حماس کے ٹھکانوں پر اسرائیلی حملے، 9 بچوں سمیت 25 جاں بحق

انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی گئی ہے۔

انہوں نے فلسطین کے عوام کی ہمت اور بہادری کا خیرمقدم کیا جنہوں نے اسرائیل کی ریاستی سرپرستی میں جاری ظلم و ستم اور نسل کشی کی پالیسیوں کی وجہ سے ان سے بغل گیر ہونے سے انکار کردیا ہے۔

اس تناظر میں مسلم لیگ (ن) کے صدر نے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مصیبت زدہ لوگوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا جو کئی دہائیوں سے غلامی کی حالت میں جی رہے ہیں لیکن ایک ظالمانہ قوت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'قابض فوج نے اس علاقے کو ایک وسیع قید خانے میں تبدیل کردیا'۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی ریاست کے زیر اہتمام دہشت گردی کے ہتھکنڈوں کو رپورٹ کیا جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں