انور علی کورونا وائرس کا شکار، پی ایس ایل کے بقیہ میچز سے باہر

اپ ڈیٹ 26 مئ 2021
ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انور علی لیگ کے بقیہ ایڈیشن کے میچز کے لیے ابوظبی روانہ نہیں ہو سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انور علی لیگ کے بقیہ ایڈیشن کے میچز کے لیے ابوظبی روانہ نہیں ہو سکیں گے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر انور علی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی وجہ سے وہ لیگ کے بقیہ میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔

ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے انور علی لیگ کے بقیہ ایڈیشن کے میچز کے لیے ابوظبی روانہ نہیں ہو سکیں گے۔

مزید پڑھیں: شاہد آفریدی اور نسیم شاہ پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز سے باہر

کراچی میں ہوٹل میں چیک ان کرنے سے قبل انور علی کا کووڈ۔19 کا ٹیسٹ منفی آیا تھا البتہ پیر کو ہوٹل میں ان کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا۔

انہیں ہوٹل میں دوسری منزل پر منتقل کردیا گیا ہے جہاں وہ 10 دن تک آئسولیشن میں رہیں گے اور دو منفی ٹیسٹ کے بعد ہی انہیں ہوٹل سے ریلیز کیا جائے گا۔

لیگ کی تمام چھ فرنچائز کو آج ابوظبی روانہ ہونا ہے اور تمام وہاں پہنچنے کے بعد انہیں 7 دن قرنطینہ میں رہنا ہو گا جس کے بعد ٹیسٹ منفی آنے پر ہی انہیں بائیو سیکیور ببل میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

کرک انفو کے مطابق ابوظبی میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین مختلف ببل بنائے ہیں جس میں سے ایک کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف میچ آفیشلز اور پی سی بی حکام کے لیے بنایا گیا ہے، دوسرا مختلف ہوٹلوں میں ٹی وی پروڈکشن کریو اور اہم مینجمنٹ عملے کے لیے بنایا گیا ہے جبکہ تیسرے ببل میں گراؤنڈ میں موجود عملے کے رہنے کا انتظام کی جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل: 10 سری لنکن کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کی خصوصی اجازت

سری لنکا سے کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف پاکستان پہنچ گیا ہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ہمراہ ابوظبی جائیں گے جو 26 مئی کو عرب سرزمین پر پہنچیں گی کیونکہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور سری لنکا سمیت کچھ ممالک کے لیے سفری پابندیاں عائد کر رکھی ہیں البتہ چارٹرڈ فلائٹس کی اجازت ہے۔

پی ایس ایل نے مختلف کاموں کے سلسلے میں لیگ کا حصہ بننے والے بھارتی اور افریقی باشندوں کے لیے بھی استثنیٰ حاصل کر لیا ہے اور ان تمام افراد کو 10 دن کے لیے مختلف ہوٹلوں میں قرنطینہ کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ یہ گاتار دوسرے دن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دوسرا بڑا دھچکا لگا ہے جو اس سے قبل فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی خدمات سے محروم ہو چکی ہے جنہیں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر ببل سے ریلیز کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں