کیلیفورنیا: ریلوے مرکز میں فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 27 مئ 2021
واقعے میں مشتبہ شخص بھی مارا گیا جبکہ دیگر کئی افراد زخمی بھی ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
واقعے میں مشتبہ شخص بھی مارا گیا جبکہ دیگر کئی افراد زخمی بھی ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

امریکا کی ریاست کیلیفورنیا میں ریلوے مرکز میں ملازم کی فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سان فرانسسکو کے جنوب میں واقع شہر سان ہوزے کے پبلک ٹرانزٹ مینٹیننس یارڈ میں پیش آیا۔

مذکورہ واقعے میں مشتبہ شخص بھی مارا گیا جبکہ دیگر کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

سانتا کلارا کاؤنٹی شیرف ڈپٹی رسل ڈیوس نے صحافیوں کو بتایا کہ کمپاؤنڈ میں دھماکا خیز آلات کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد بم اسکواڈ تعینات کیا گیا تھا اور عمارت کے ہر کمرے اور جگہ کو کلیئر کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔

مزید پڑھیں: امریکا: فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد کی ہلاکت پر سکھ برادری سراپا احتجاج

انہوں نے کہا کہ اب تک 8 متاثرین اور ایک مشتبہ شخص کو مردہ قرار دیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

رسل ڈیوس نے مقامی ویلی ٹرانسپورٹیشن اتھارٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ شخص وی ٹی اے کا ملازم ہے۔

رپورٹ کے مطابق علی الصبح 911 کے ذریعے فائرنگ کی متعدد اطلاعات کی تفتیش کے لیے پولیس جائے وقوع پر پہنچی۔

تاہم اس حوالے سے فوری طور پر کوئی تفصیلات نہیں مل سکیں کہ حملہ آور کو پولیس نے مارا یا اس نے خود اپنی جان لی یا اس نے کس قسم کا ہتھیار استعمال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا: پولیس کی فائرنگ سے سیاہ فام نو عمر لڑکی ہلاک

وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری کیرن جین نے صحافیوں سے کہا کہ ہم متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'جیسا کہ صدر نے کہا ہے کہ یہ واضح ہے ہمیں ملک میں ہتھیاروں کے تشدد کی وبا کا سامنا ہے'۔

ڈپٹی پریس سیکریٹری نے کہا کہ کانگریس سے ہتھیاروں کے کنٹرول سے متعلق اصلاحات کے طویل المدتی مطالبے کو منظور کرنے کا کہا جارہا ہے۔

واقعے کے بعد سان ہوزے کے ریل یارڈ کے قریب گلیوں میں درجنوں گاڑیوں، فائر انجنز کے ساتھ ساتھ ایف بی آئی عہدیداران کی گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی تھیں۔

مزید پڑھیں: امریکی ریاست انڈیانا میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 8 افراد ہلاک

مقامی عہدیداران کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے رپورٹ ہوا اور جائے وقوع پر اس وقت یونین اجلاس کے لیے عملے کے 80 افراد موجود تھے۔

میئر سان ہوزے نے کہا کہ کئی لوگوں کو طبی علاج فراہم کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ٹوئٹ کی کہ اس ہولناک فائرنگ میں جن لوگوں کی جانیں گئیں ہم ان کے اہلخانہ کے دکھ میں شریک ہیں۔

واقعہ وی ٹی اے یارڈ میں پیش آیا جسے ٹرینیں اسٹور کرنے اور ان کی مرمت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست کولوراڈو میں فائرنگ، پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

واضح رہے کہ امریکا میں حالیہ عرصے میں شوٹنگ کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

اپریل میں امریکی ریاست انڈیانا کے شہر میں ایک مسلح شخص نے مشہور کوریئر کمپنی کے احاطے میں فائرنگ کی تھی جس میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے اور بعد میں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

مارچ کے آخر میں جنوبی کیلی فورنیا میں ایک دفتر کی عمارت میں فائرنگ سے بچے سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: امریکا میں تین مساج پارلرز میں فائرنگ، خواتین سمیت 8 افراد ہلاک

22 مارچ کو کولوراڈو میں ایک سپر اسٹور میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد کی موت واقع ہو گئی تھی۔

کولوراڈو میں فائرنگ سے چند دن قبل ہی جارجیا میں 6 ایشیائی نژاد خواتین سمیت 8 افراد کا قتل کردیا گیا تھا۔

یہ رواں سال انڈیایا میں رونما ہونے والا فائرنگ کا تیسرا واقعہ تھا جہاں اس سے قبل جنوری میں ایک حاملہ خاتون سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مارچ میں ایک بچے سمیت چار افراد کی موت ہوئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں