پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز کا 9 جون سے آغاز، فائنل 24 جون کو ہوگا

اپ ڈیٹ 03 جون 2021
9 جون کو کھیلے جانے والے ابتدائی میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہو گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
9 جون کو کھیلے جانے والے ابتدائی میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہو گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے اور لیگ کے بقیہ میچز 9 سے 24 جون تک ابوظبی میں کھیلے جائیں گے۔

16 دن تک جاری رہنے والے مقابلوں میں سے چھ دن ایسے ہوں گے جب ایک ہی دن میں دو میچز ہوں گے جس میں 21 جون کو کھیلے جانے والا کوالیفائر اور ایلیمنیٹر بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ابوظبی انتظامیہ کو پی ایس ایل میں بھارتی عملے کی موجودگی پر اعتراض

جس دن ایک میچ ہو گا اس دن میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہو گا جبکہ جس دن دو میچز ہوں گے اس دن پہلا شام 6 بجے اور دوسرا رات 11 بجے کھیلا جائے گا۔

9 جون کو کھیلے جانے والے ابتدائی میچ میں لاہور قلندرز کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہو گا جو دراصل ایونٹ کا 15واں میچ ہو گا۔

ابتدائی طور پر ٹورنامنٹ 5 جون سے شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن لاجسٹک اور دیگر چیلنجز کی وجہ سے لیگ التوا کا شکار ہوئی لیکن اس کی بدولت ٹیموں کو تیاری کے لیے مزید وقت میسر آ جائے گا۔

قلندرز اور یونائیٹڈ نے بدھ کو ٹریننگ کا آغاز کردیا تھا جبکہ بقیہ ٹیمیں آج سے ٹریننگ شروع کررہی ہیں اور ان کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو اپنی ٹیموں سے ملنے اور ٹریننگ سیشن میں حصہ لینے کی اجازت ہو گی جو 7 دن کا لازمی آئسولیشن میں گزاریں گے اور ان کے کم از کم 3 منفی ٹیسٹ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل کی امارات واپسی چند ٹیموں کے لیے نیک شگون؟

اس ٹورنامنٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ کی تاریخوں میں ردوبدل کیا ہے اور اب کھلاڑی سپورٹ اسٹاف 25 جون کو ابوظبی سے براہ راست انگلینڈ کی پرواز میں سوار ہوں گے۔

قومی ٹیم ابتدائی طور پر مانچسٹر پہنچے گی جہاں سے انہیں آئسولیشن کی مدت پوری کرنے کے لیے ڈربی منتقل کیا جائے گا۔

قومی ٹیم 6 جولائی کو کارڈف پہنچے گی جہاں 8 جولائی کو پہلا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ 2016 میں لیگ کے آغاز کے بعد سے اب تک لیگ نے متعدد چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور یہ ہر سال مزید بہتر مضبوط ہو کر ابھرتی رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی پذیرائی اور ساکھ بڑی اہمیت کی حامل ہے، لیگ کے بقیہ 20 میچز کی ابوظبی میں میزبانی ہماری لیگ کے مستحکم ہونے کی واضح علامت ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے فیصلوں کی بدولت لیگ کا چھٹا ایڈیشن مکمل ہونے جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کا فائنل 24 جون کو کرانے پر اتفاق

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا پاکستان میں انعقاد ہمیشہ سے ہماری ترجیح رہی ہے لیکن چند غیرمعمولی حالاتک کے پیش نظر ہمیں اس ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز یہاں سے منتقل کرنے پڑے ہیں، لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا پاکستان میں مکمل انعقاد ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

ابوظبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکریٹری عارف الاعوانی نے کہا کہ پاکستان سپرل لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز کی میزبانی ابوظبی اور اس کی اسپورٹس سہولیات کے فروغ میں بہت اہم ثابت ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی اور احسان مانی سے ہمارے تعلقات بہت پرانے اور خوش آئند ہیں جس کی بدولت ہمیں حکومت کی طرف سے تمام حل طلب معاملات پر چھوٹ کی منطوری ملی۔

ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خال الظارونی نے پی ایس ایل 6 کے میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہی جگہ ہے جہاں سے 6 سال قبل لیگ کا آغاز ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یہ تمام میچز ابوظبی میں کھیلے جائیں گے جہاں عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں اور ہم ابوظبی انتظامیہ کی مدد سے پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: انور علی کورونا وائرس کا شکار، پی ایس ایل کے بقیہ میچز سے باہر

ایونٹ کی ابوظبی منتقلی کے بعد اب بقیہ میچز کا شیڈول کچھ اس طرح ہے:

نیا شیڈول

3 تا 8 جون: پریکٹس سیشنز

9 جون: لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ

10 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز

11 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

12 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی

13 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی

14 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز

15 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہورقلندرز اور پشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز

16 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

17 جون: اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز

18 جون: ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز

19 جون: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ

20 جون: پریکٹس

21 جون: کوالیفائر (پوائنٹس ٹیبل پر پہلی بمقابلہ دوسری پوزیشن والی ٹیم)

ایلیمینیٹر 1 (پوائنٹس ٹیبل پر تیسری بمقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم)

22 جون: ایلیمینیٹر 2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1کی فاتح ٹیم)

23 جون: آرام/ٹریننگ

24 جون: فائنل

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے تاہم 4 مارچ کو پاکستان سپر لیگ کو 7 کھلاڑیوں اور دیگر میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اپریل میں پی سی بی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے یکم جون سے ایونٹ کے دوبارہ کراچی میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا اور کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر لاہور میں میچز کے انعقاد کے منصوبے کو منسوخ کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کورونا کیسز کے باعث 'پاکستان سپر لیگ 6' ملتوی

جون میں ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے علیحدہ سے ڈرافٹ بھی کیا گیا جس میں غیرملکی کھلاڑیوں سے محروم فرنچائزوں نے ان کے متبادل کا انتخاب کیا لیکن بین الاقوامی مصروفیات کے باعث چند اہم اور مشہور کھلاڑی لیگ کے لیے دستیاب نہ ہو سکے تھے۔

بعدازاں پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت اور سابقہ تجربات کے پیش نظر تمام فرنچائزوں نے پی سی بی سے لیگ کو متحدہ منتقل کرنے کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا تھا اور میچز کے ابوظبی میں انعقاد کی منظوری مل گئی جس کے بعد ایک اضافی ڈرافٹ کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں