مشن: امپوسیبل 7 کی شوٹنگ کورونا کے باعث پھر روک دی گئی

اپ ڈیٹ 04 جون 2021
فلم مشن: امپوسیبل 7، مئی 2022  میں ریلیز ہوگی 
—فوٹو: رائٹرز
فلم مشن: امپوسیبل 7، مئی 2022 میں ریلیز ہوگی —فوٹو: رائٹرز

ایکشن اور جاسوسی فلم سیریز مشن امپوسیبل کی ساتویں فلم کی شوٹنگ کورونا وائرس کے باعث ایک مرتبہ پھر روک دی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق پیراماؤنٹ پکچرز نے بتایا کہ فلم میں کام کرنے والے کچھ افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد برطانیہ میں جاری شوٹنگ کو 2 ہفتوں کے لیے روک دیا گیا۔

تاہم فلم اسٹوڈیو کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کن افراد میں ہوئی اور نہ ہی ان کی تعداد بتائی گئی۔

اس حوالے سے برطانوی جریدے دی سن نے کہا کہ جو لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے ان میں فلم اسٹار ٹام کروز شامل نہیں تھے۔

مزید پڑھیں: مشن امپوسبل 7 کے لیے ٹام کروز ایک پل تباہ کرنے کے خواہشمند

پیراماؤنٹ پکچرز نے ایک بیان میں کہا کہ 'ہم نے کورونا وائرس کے مثبت کیسز کے باعث عارضی طور پر مشن امپوسیبل 7 کی شوٹنگ 14 جون تک روک دی ہے'۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 'ہم تمام حفاظتی قواعد پر عمل کررہے ہیں اور صورتحال کی نگرانی جاری رہے گی'۔

دی سن نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نائٹ کلب سین کی شوٹنگ کے بعد پروڈکشن کے 14 ارکان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا اور اسی وجہ سے ٹام کروز سمیت سیٹ پر کام کرنے والے دیگر افراد کو بھی 14 روز کے لیے خود کو آئسولیٹ کرنا ہوگا۔

ٹام کروز کے ترجمان نے جو ایکشن فلم کے ایک پروڈیوسر بھی ہیں انہوں نے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر بھی جواب دیا۔

خیال رہے کہ مشن امپوسیبل، ہولی وڈ کی بڑی فرنچائزز میں سے ایک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'مشن امپوسبل 7' کی شوٹنگ کورونا وائرس کے باعث معطل

اس سے قبل فروری 2020 میں اٹلی کے شہر وینس میں عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث مشن امپوسیبل 7 کی شوٹنگ روکی گئی تھی۔

جس کے بعد گزشتہ برس ناروے، اٹلی اور برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں فلم کے مناظر کی عکسبندی کی گئی تھی۔

اسی دوران دسمبر 2020 میں ٹام کروز کی آڈیو ٹیپ سامنے آئی تھی جس میں کورونا وائرس کے حفاظتی قواعد کی خلاف ورزی پر انہیں عملے پر چلاتے ہوئے سنا گیا تھا۔

یہ بھی کہا جارہا ہے کہ فلم مشن امپوسیبل 7، مئی 2022 میں ریلیز ہوگی لیکن اس حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں