بشریٰ انصاری نے جنت مرزا اور عمر بٹ کے نامناسب بیانات کا جواب دے دیا

اپ ڈیٹ 08 جون 2021
بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں صرف جنت مرزا کا نام استعمال کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ میں صرف جنت مرزا کا نام استعمال کیا—فائل فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا اور عمر بٹ کو ان کی جانب سے دیے گئے نامناسب بیانات پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو بزرگ افراد کا احترام کرنا چاہیے۔

جنت مرزا اور عمر بٹ نے حال ہی میں بشریٰ انصاری پر سخت تنقید کرتے ہوئے ان کے لیے قدرے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا تھا اور انہیں ’جاہل عورت، اماں جی، آنٹی اور بزرگ‘ قرار دیا تھا۔

ابتدائی طور پر جنت مرزا نے بشریٰ انصاری پر اس وقت تنقید کی تھی، جب سینئر اداکارہ نے ٹک ٹاک اسٹار کے خلاف ایک پوسٹ کی تھی۔

بشریٰ انصاری نے جنت مرزا کے خلاف اس وقت پوسٹ کی تھی، جب ٹک ٹاکر کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہوں نے 'غیر دانستہ طور پر مسیحی افراد کے جذبات مجروح' کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: جنت مرزا، بشریٰ انصاری کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ، معاملہ کیا ہے؟

جنت مرزا کی کچھ دن قبل ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں مسیحیوں کی مذہبی علامت ’صلیب‘ کی طرز پر بنا ایک لاکٹ پہن رکھا تھا، جس پر بعد ازاں مسیحی افراد نے ان کے خلاف پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کی درخوست بھی دی تھی۔

بشریٰ انصاری نے تنقیدی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی—اسکرین شاٹ
بشریٰ انصاری نے تنقیدی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی—اسکرین شاٹ

مسیحی افراد کی جانب سے جذبات مجروح کرنے کے الزامات لگائے جانے کے بعد جنت مرزا نے مذکورہ واقعے پر معافی بھی مانگی تھی لیکن بعد ازاں سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ٹک ٹاکر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے لیے کہا تھا کہ انہیں نہ تو اسلام کا پتا ہے اور نہ ہی دیگر مذاہب کا علم ہے۔

شریٰ انصاری نے انسٹاگرام پر جنت مرزا کے خلاف پولیس میں دائر کی گئی درخواست اور ان کی ویڈیو کا عکس شیئر کرتے ہوئے ٹک ٹاکر کو ’جاہل‘ بھی قرار دیا تھا، بعد ازاں بشریٰ انصاری نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

جنت مرزا نے بھی بشریٰ انصاری کو کرارا جواب دیا تھا—اسکرین شاٹ
جنت مرزا نے بھی بشریٰ انصاری کو کرارا جواب دیا تھا—اسکرین شاٹ

بشریٰ انصاری کی پوسٹ کے بعد جنت مرزا اور ان کی بہن ٹک ٹاک اسٹار علیشبہ انجم نے بھی اداکارہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’آنٹی، اماں جی اور جاہل‘ جیسے الفاظ سے پکارا تھا۔

بعد ازاں جنت مرزا کے قریبی دوست ٹک ٹاک اسٹار عمر بٹ بھی اس تنازع میں کود پڑے تھے اور انہوں نے بھی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کے لیے قدرے نامناسب اور سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے انہیں ’جاہل عورت‘ قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: جنت مرزا اور بشریٰ انصاری کے تنازع میں ٹک ٹاکر عمر بٹ کی انٹری

نوجوان ٹک ٹاکرز کی جانب سے سخت تنقید کے بعد اب بشریٰ انصاری نے ان کے لیے پوسٹ کرتے ہوئے انہیں تجویز دی کہ بچوں کو بزرگ افراد کا احترام کرنا چاہیے، چاہے بزرگ افراد غلط ہی کیوں نہ ہوں۔

بشریٰ انصاری نے پورے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جنت مرزا کی ویڈیو اور ان کے خلاف مسیحیوں کے جذبات مجروح کرنے والے کمنٹس دیکھے تو انہوں نے بھی ٹک ٹاکر کے خلاف پوسٹ کردی۔

بشریٰ انصاری کے مطابق جب انہیں معلوم ہوا کہ جنت مرزا نے معافی مانگی ہے، تب انہوں نے اپنی پرانی پوسٹ ڈیلیٹ کی—اسکرین شاٹ
بشریٰ انصاری کے مطابق جب انہیں معلوم ہوا کہ جنت مرزا نے معافی مانگی ہے، تب انہوں نے اپنی پرانی پوسٹ ڈیلیٹ کی—اسکرین شاٹ

سینئر اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ وہ تو جنت مرزا کا نام تک نہیں جانتی تھیں مگر بعد میں انہوں نے ان کی جانب سے مذکورہ معاملے پر معافی مانگے جانے کی پوسٹس دیکھیں تو اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ وہ کسی کو اسلام کا درس نہیں دے رہیں، بس وہ یہ سمجھانا چاہتی ہیں کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کا درس دیتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے جنت مرزا، علیشبہ انجم اور عمر بٹ کا نام لیے بغیر انہیں ہدایت کی کہ انہیں چاہیے کہ وہ بزرگ افراد کی عزت کریں اور بزرگوں کی جانب سے ڈانٹے جانے پر بھی خاموش رہیں۔

بشریٰ انصاری کی جانب سے وضاحتی پوسٹ کیے جانے پر کئی لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں اور ان کی بات سے اتفاق کیا کہ نوجوانوں اور بچوں کو بزرگ افراد کی عزت کرنی چاہیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں