کووڈ 19 کے 80 فیصد افراد میں بیماری کی شدت معتدل یا معمولی ہوتی ہے جبکہ 5 فیصد افراد کو آئی سی یو میں نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔

یہ بات مارچ 2021 میں ایک تحقیق کے نتائج میں بتائی گئی تھی۔

کورونا وائرس کی عام علامات میں کھانسی، بخار اور تھکاوٹ شامل ہیں مگر متعدد اور علامات بھی اس بیماری کی نشانیاں ہوسکتی ہیں۔

محققین نے ڈرائی آئیز یا آنکھیں خشک ہونا یا آنکھ میں کسی باہری چیز کے داخل ہونے سے ہونے والا احساس اور آنکھوں کی دیگر علامات کو بھی کووڈ کا حصہ قرار دیا ہے۔

کیا واقعی ڈرائی آئیز کووڈ کی علامت ہے؟

یہ کووڈ کی عام ترین علامات میں شامل نہیں اور اگر فلو جیسی علامات موجود نہ ہو تو آنکھوں کے اس مسئلے کا کووڈ 19 سے تعلق ہونا لگ بھگ ناممکن ہوتا ہے۔

تاہم محققین نے دریافت کیا ہے کہ یہ مسئلہ کورونا وائرس سے محفوظ افراد کے مقابلے میں کووڈ سے متاثر لوگوں میں زیادہ عام ہوتا ہے۔

2021 کے شروع میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ہر 10 میں سے ایک فرد میں یہ علامت موجود تھی۔

تحقیق کے مطابق 16 فیصد کووڈ مریضوں میں ڈرائی آئیز کی علامت ہوتی ہے تاہم اس کی وجہ تاحال واضح نہیں۔

جون 2020 کی ایک تحقیق کے مطابق کورونا وائرس جسمانی خلیاات میں ایس 2 ریسیپٹرز کے ذریعے داخل ہوتا ہے اور یہ ریسیپٹر آنکھوں کی سطح پر بھی موجود ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ 2018 میں دریافت کیا گیا تھا کہ جسمانی مدافعتی نظام سے پیدا ہونے والا ورم بھی ڈرائی آئیز کا باعث بنتا ہے، جبکہ ایک خیال یہ بھی ہے کہ کورونا وائرس جب آنکھوں کی سطح میں موجود خلیات میں داخل ہوتا ہے تو یہ آنکھوں کی نمی کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔

کیا فیس ماسک اس کی وجہ تو نہیں؟

فیس ماسک کا استعمال کووڈ 19 کے پھیلاؤ کی رفتار کو سست کرنے کے لیے ضروری ہے مگر یہ ممکنہ طور پر آنکھوں کے خشک ہونے کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

ماہرین چشم نے ایسے افراد کی تعداد میں اضافے کو ریکارڈ کیا ہے جن میں وبا کے آغاز کے بعد سے ڈرائی آئیز کا مسئلہ سامنا آیا۔

جب فیس ماسک چہرے پر ہوتا ہے تو منہ یا ناک سے خارج ہونے والی ہوا اوپر کی جانب جاتی ہے اور آنکھوں کی نمی زیادہ تیزی سے کم ہونے لگتی ہے۔

فیس ماسک کا بہت زیادہ دیر تک استعمال، اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا بھی اس مسئلے کا باعث بن سکتے ہیں۔

آنکھوں سے متعلق دیگر کووڈ علامات کیا ہیں؟

تحقیقی رپورٹس میں کووڈ 19 سے جڑی متعدد آنکھوں کی علامات بتائی گئی ہیں مگر وہ زیادہ عام نہیں۔

2021 میں ایک تحقیقی تجزیے میں درج ذیل علامات کو دریاافت کیا گیا تھا۔

آنکھیں خشک ہونا یا کسی باہری چیز کی موجودگی کا احساس (16 فیصد)، آنکھیں سرخ ہونا (13.3 فیصد)، پانی بہنا (12.8 فیصد)، آنکھوں میں خارش (12.6 فیصد)، آنکھوں میں تکلیف (9.6 فیصد) اور آنکھوں سے مواد کا اخراج (8.8 فیصد)۔

تحقیق کے دوران 89 افراد میں آنکھوں کے کسی انفیکشن کو دیکھا گیا تھا، آشوب چشم ان میں 90 فیصد کیسز میں دریافت ہوا تھا۔

کووڈ کی عام علامات کیا ہیں؟

امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے مطابق کووڈ کی عام علامات میں بخار، ٹھنڈ لگنا، سانس لینے میں دشواری، کھانسی، تھکاوٹ، مسلز یا جسم میں تکلیف، سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محرومی، گلے کی سوجن، ناک بند ہونا، ناک بہنا، ہیضہ اور الٹیاں شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں