انجری کا شکار ڈیو پلیسی پی ایس ایل سے باہر، وطن واپس لوٹ گئے

16 جون 2021
پشاور زلمی کے خلاف میچ میں سابق جنوبی افریقہ کپتان ڈیو پلیسی کا محمد حسنین سے تصادم ہو گیا تھا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
پشاور زلمی کے خلاف میچ میں سابق جنوبی افریقہ کپتان ڈیو پلیسی کا محمد حسنین سے تصادم ہو گیا تھا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں مشکلات سے دوچار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے اور انجری کا شکار فاف ڈیو پلیسی ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ہفتے کو ابوظبی میں پشاور زلمی کے خلاف میچ کے دوران باؤنڈری بچانے کی کوشش میں سابق جنوبی افریقہ کپتان ڈیو پلیسی کا محمد حسنین سے تصادم ہو گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: انجری کا شکار ڈیوپلیسی کی یادداشت کھونے کی شکایت

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں مداحوں کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاتھا کہ میں ہوٹل میں آ کر روبہ صحت ہوں، بے ہوشی کے بعد مجھے یادداشت کھونے کی کچھ شکایت ہوئی لیکن اب بہتر محسوس کررہا ہوں، امید ہے جلد میدان میں واپسی ہو گی۔

تاہم انجری کا شکار فاف ڈیو پلیسی صحتیاب نہ ہو سکے اور اب ایونٹ میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے۔

گلیڈی ایٹرز نے فاف ڈیو پلیسی کی وطن واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقی بلے باز اب پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں مزید حصہ نہیں لے سکیں گے اور وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ گزشتہ چند دن میں گلیڈی ایٹرز کو پہنچنے والا دوسرا بڑا نقصان ہے جہاں اس سے قبل آندرے رسل بھی انجری کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سرفراز اور شاہین کے بعد صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کے درمیان بھی گرما گرمی

آندرے رسل اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کے دوران محمد موسیٰ کی گیند سر پر لگنے کے سبب نیم بے ہوشی کا شکار ہو گئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آٹھ میں سے صرف دو میچز جیت کر آخری نمبر پر موجود ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں