حکومت سندھ کا 28 جون سے مزارات، انڈور گیمز، پارکس کھولنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 27 جون 2021
حکومت سندھ نے نوٹی فیکیشن جاری کردیا-فائل/فوٹو: محمد حسین
حکومت سندھ نے نوٹی فیکیشن جاری کردیا-فائل/فوٹو: محمد حسین

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومت سندھ نے صوبے میں 28 جون (بروز پیر) سے مزارات، انڈور گیمز، سوئمنگ پولز اور امیوزمنٹ پارکس مکمل طور پر کھولنے کا اعلان کردیا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت 19 جون 2021 کو ہونے والے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں 28 جون سے مزارات، انڈور گیمز، سوئمنگ پولز اور پارکس کھول دیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: سندھ: پرائمری اسکول 21، تفریحی پارکس اور درگاہیں 28 جون سے کھولنے کا فیصلہ

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ مذکورہ سرگرمیوں کی اجازت 26 جون تک کورونا وائرس کے کیسز کی مثبت شرح میں کمی رپورٹ ہونے کے بعد دی گئی ہے۔

حکومت سندھ نے کہا کہ متعلقہ مقامات کے داخلے پر فاصلے کے ساتھ زیادہ سے زیادہ تعداد کو نمایاں کیا جائے اور زیادہ افراد کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے۔

ان مقامات پر کام کرنے والے تمام اسٹاف کی ویکسینیشن ہوگی اور ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

صوبائی حکومت نے کہا کہ سابقہ فیصلوں کے مطابق ریسٹورنٹس اور کیفے سے ہوم ڈلیوری 24 گھنٹے ہوسکے گی اور اسی طرح 6 جون اور 14 جون کو کیے گئے فیصلوں پر بدستور عمل کیا جائے گا۔

محکمہ اوقاف سندھ کے دفتر سے جاری نوٹی فکیشن میں مزارات کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، جس کے تحت زائرین کو درگاہ کے داخلے پر 6 فٹ کا فاصلہ رکھنا ہوگا اور ہر داخلے پر سینیٹائزیشن اسٹیشن نصب ہونا چاہیے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ اسٹاف اور زائرین کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور نمایاں جگہوں پر حفاظتی اقدامات سے متعلق پینافلیکس آویزاں کیے جائیں اور مزارات کو کلورین سے اسپرے کیا جائے اور کلورین سے دھویا جائے۔

منتظمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ زائرین کو مقبرے میں 10 منٹ تک کھڑے ہونے کی اجازت دی جائے اور مزار میں ہجوم سے گریز کیا جائے، 50 سال سے زائد عمر اور بچوں یا بخار، کھانسی یا نزلہ جیسی علامات کے حامل افراد کے داخلے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں تمام مزارات اور درگاہیں دوبارہ کھولنے کا اعلان

محکمہ اوقاف نے کہا کہ مزارات میں لنگر کا انتظام نہیں ہوگا اور محکمہ اوقاف کا عملہ، مقامی انتظامیہ اور پولیس کو ایک دوسرے سے تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ حکومت سندھ نے 19 جون کو کورونا کیسز میں خاطر خواہ کمی کے بعد پرائمری اسکول 21 جون، تفریحی پارکس اور درگاہیں 28 جون سے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کی تشخیصی شرح 3.9 فیصد ہوگئی ہے اور کیسز میں کمی آرہی ہے۔

قبل ازیں سندھ میں 15 جون سے چھٹی سے آٹھویں جماعت کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھول دی گئی تھیں جبکہ ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ہفتے میں 2 دن کی بندش کے بجائے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کاروبار بند کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ اب صرف اتوار کے دن کاروبار بند ہوگا اور باقی دن کاروباری سرگرمیاں جاری رہیں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں