ایشیا کپ کیلئے پاکستانی ہاکی ٹیم کا اعلان

شائع August 15, 2013

فائل فوٹو .--
فائل فوٹو .--

لاہور: رواں ماہ ملائیشیا میں ہونے والے ایشیا کپ کے لئے قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے جہاں گول کیپر سلمان اکبر کی قومی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

اکتیس سالہ سلمان اکبر نے دو سال قبل ایشیا کپ جیتنے والی قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن گزشتہ سال انہیں قومی ٹیم سے باہر کر دیا تھا۔

ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اس ماہ کی چوپیس تاریخ سے ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں شروع ہو رہا ہے، ورلڈ ہاکی لیگ میں ناکامی کے بعد اگلے ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے پاکستان کو ایشیا کپ لازماً جیتنا ہو گا۔

پاکستان کو چار دفعہ ورلڈ چیمپیئن اور تین بار اولمپک گولڈ میڈلسٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے لیکن تین سال قبل ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 12ویں پوزیشن پر فائز ہونے کے بعد پاکستان کی آٹھویں نمبر پر تنزلی ہو گئی تھی۔

پاکستان کی خراب کارکردگی کا سلسلہ اس کے بعد بھی جاری رہا اور قومی ٹیم نے گزشتہ سال ہونے والے لندن اولپمک میں ساتویں اور گزشتہ ماہ ملائیشیا میں ہونے والی ورلڈ ہاکی لیگ میں بھی ساتویں نمبر پر فائز ہوئی تھی جہاں اس کے پاس ابتدائی تین پوزیشن میں جگہ بنا کر ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کا موقع موجود تھا۔

نواں ایشیا کپ 24 اگست سے یکم ستمبر تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں منعقد ہو گا جس میں ہندوستان، جنوبی کوریا اور میزبان سمیت آٹھ ٹیمیں ورلڈ کپ تک رسائی کیلیے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گی۔

پول اے میں ملائیشیا، جاپان اور چین کے ساتھ موجود قومی ٹیم کی قیادت فل بیک محمد عمران کریں گے۔

پول بی میں ہندوستان، جنوبی کوریا، عمان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں جہاں دونوں گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں ایونٹ کے سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان نے 1982، 1985 اور 1989 میں ہونے والے ابتدائی تین ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس کے بعد سے وہ ایک بھی ایونٹ اپنے نام نہ کر سکی جبکہ 2009 میں ملائیشیا میں ہونے والے ایونٹ کے آخری ایڈیشن میں قومی ٹیم کو فائنل میں جنوبی اکوریا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اگر قومی ٹیم ایشیا کپ جیتنے میں ناکام رہتی ہے تو یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہو گا جب قومی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ تک رسائی سے بھی محروم ہو جائے گی۔

قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

محمد عمران (کپتان)، وسیم احمد، عمران بٹ، سلمان اکبر، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود، فرید احمد، عامر شہزاد، وقاص شریف، شفقت رسول، عبدالحصیم خان، شکیل عباسی، علی شان، محمد زبیر، محمد دلبر اور محمد عمربھٹہ بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جولائی 2025
کارٹون : 3 جولائی 2025