عمیر رانا نے ‘دل نا امید تو نہیں’ کی کم ریٹنگ کی وجہ بتادی

اپ ڈیٹ 17 جولائ 2021
یہ ڈراما انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی اور بچوں کے استحصال کے موضوعات پر مبنی ہے—اسکرین شاٹ
یہ ڈراما انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی اور بچوں کے استحصال کے موضوعات پر مبنی ہے—اسکرین شاٹ

پاکستانی اداکار عمیر رانا نے انسانی اسمگلنگ کے حساس موضوع پر بنائے جانے والے ڈرامے ’دِل ناامید تو نہیں’ کی کم ریٹنگ کی وجہ اس حوالے سے موجود نظام کو کو قرار دے دیا۔

فیس بک کی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے ماہم علوی نامی انفلوئنسر نے اس ڈرامے کی ریٹنگ سے متعلق سوال اٹھایا تھا۔

ماہم علوی نے لکھا تھا کہ بہترین کاسٹ، کشف فاؤنڈیشن کی پروڈکشن، آمنہ مفتی کی تحریر کاشف نثار کی ہدایات اور کیا چاہیے؟

مزید پڑھیں: انسانی اسمگلنگ جیسے موضوع پر بنا ڈراما 'دل نا امید تو نہیں'

انہوں نے سوال کیا تھا کہ مجھے حیرانی ہوتی ہے کہ اتنے اچھے ڈرامے کو زیادہ ٹی آر پیز کیوں نہیں ملتیں لیکن خدا اور محبت 3 جیسی بے تکی کہانیوں کو ریٹنگ مل رہی ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

مذکورہ سوال کا جواب اداکار عمیر رانا نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ہی دیا جس میں انہوں نے کم ریٹنگ کا ذمہ دار سسٹم کو ٹھہرایا۔

عمیر رانا نے لکھا کہ ریٹنگز اس لیے نہیں ملتیں کیونکہ معیار اور گریڈ میں فرق ہوتا ہے اور ہمارا موجودہ نظام اس کی پیمائش کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔

یہ بھی پڑھیں: 'دل ناامید تو نہیں' کو پیمرا کے نوٹس پر عمیر رانا کا ردعمل

خیال رہے کہ یہ ڈراما انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی اور بچوں کے استحصال سمیت خواتین پر ڈھائے جانے والے ناروا سلوک جیسے موضوعات پر مبنی ہے۔

— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

'دل نا امید تو نہیں' میں یاسرہ رضوی اور یمنیٰ زیدی سمیت سامعہ ممتاز، نعمان اعجاز، وہاج علی اور عمیر رانا جیسے اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔

اس ڈرامے کی کہانی آمنہ مفتی نے لکھی ہے جسے کشف فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ٹی وی ون پر نشر کیا جارہا ہے جبکہ اس ڈرامے کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

مزید پڑھیں: پیمرا کی ڈراما سیریل 'دل ناامید تو نہیں' کا مواد ضابطہ اخلاق کے مطابق بنانے کی ہدایت

'دل نا امید تو نہیں' کے حوالے سے ڈرامے کی مرکزی اداکارہ یاسر رضوی نے قبل ازیں ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ اور یمنیٰ زیدی اعلیٰ درجے پر جسم فروشی کا کام کرنے والی خواتین کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یاسرہ رضوی نے بتایا تھا کہ وہ اور یمنیٰ زیدی پیسوں کے عوض پرتعیش پارٹیوں کی رونق بڑھانے کا کام سر انجام دیتی دکھائی دیں گی، تاہم اس کے علاوہ بھی ان کے کرداروں کے ذریعے سماجی مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔

تاہم رواں برس فروری میں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ڈراما سیریل 'دل ناامید تو نہیں' میں نشر کیا جانے والے مواد کو ضابطہ اخلاق کے مطابق بنانے کی ہدایت کی تھی جس پر ڈرامے کی کاسٹ اور شائقین کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا تھا۔

—پرومو فوٹو
—پرومو فوٹو

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں