طالبان سیاسی 'سمجھوتہ' کرنے کے لیے تیار ہیں، روس

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2021
روسی مندوب نے کہا کہ طالبان دیگر فریقین کی جانب سے پیش کردہ مذاکرات کی سیاسی پیش کشوں پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں—
روسی مندوب نے کہا کہ طالبان دیگر فریقین کی جانب سے پیش کردہ مذاکرات کی سیاسی پیش کشوں پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں—

روس نے کہا ہے کہ افغانستان کے بڑے حصے پر قبضہ کرنے کے لیے حکومتی فورسز کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کے باوجود طالبان سیاسی 'سمجھوتہ' کرنے کے لیے تیار ہیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان نے غیرملکی فورسز کے انخلا کے بعد متعدد اضلاع اور سرحدی گزرگاہوں پر قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ صوبائی دارالحکومتوں کا گھیراؤ بھی کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: ترکی افغان امن عمل میں طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے، رجب اردوان

امن مذاکرات کے کئی دور ناکامی کا شکار ہونے کے بعد طالبان نے میدان جنگ میں کامیابی سے پیش قدمی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

لیکن افغانستان میں روس کے مندوب ضمیر کابلوف نے منگل کے روز سابق افغان رہنما حامد کرزئی کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ طالبان دیگر فریقین کی طرف سے مذاکرات کی سیاسی پیش کشوں پر غور کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ضمیر کابولوف نے کہا کہ پچھلے 20 سالوں کے دوران طالبان کی قیادت کا بیشتر حصہ یقیناً جنگ سے تنگ آگیا ہے اور سمجھ گیا ہے کہ موجودہ بحران پر طاری جمود کا سیاسی حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کے بیانات اور اقدامات کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ سیاسی سمجھوتے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نماز عید کے دوران افغان صدارتی محل کے قریب راکٹ حملہ

ضمیر کابلوف نے مزید کہا کہ ان کے بیانیے سے یہ بات واضح ہے کہ سیاسی سمجھوتے کو ان کے سامنے شائستہ انداز میں پیش کیا جانا چاہیے۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب طالبان اور افغان قیادت کے درمیان گزشتہ ہفتے کے اختتام پر ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے تھے۔

سوویت یونین کے فوجیوں نے 1979 میں افغانستان پر قبضہ کیا تھا اور 10 سالہ تنازع نے 14ہزار سے زائد سوویت فوجیوں کی جانیں لیں۔

حالیہ برسوں میں روس نے طالبان تک رسائی کی کوشش کی ہے اور ماسکو میں متعدد بار طالبان کے نمائندوں کی میزبانی کر چکا ہے۔

مزید پڑھیں: افغان تنازع کا بھرپور سیاسی تصفیہ چاہتے ہیں، طالبان سربراہ

روس کو خطرہ ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام کے نتیجے میں خطرہ ہے کہ کچھ عناصر ان وسط ایشیائی ممالک کا رخ کر سکتے ہیں جہاں روس نے فوجی اڈے بنا رکھے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے کہا کہ روس کو تشویش ہے کہ افغانستان میں عدم استحکام دہشت گردی کے خطرات اور منشیات کی اسمگلنگ کو فروغ دے سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں