ٹوکیو اولمپکس: ماحور دوسری شکست کے بعد باہر، حسیب طارق کا 62واں نمبر

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2021
ماحور کو جاپان کی آکانے یاماگوچی سے اپنے گروپ 'ایل' کے ابتدائی میچ میں شکست ہوئی تھی — فوٹو رائٹرز
ماحور کو جاپان کی آکانے یاماگوچی سے اپنے گروپ 'ایل' کے ابتدائی میچ میں شکست ہوئی تھی — فوٹو رائٹرز

ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی ماحور شہزاد ویمنز سنگل بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں دوسری شکست کے بعد باہر ہوگئیں جبکہ ہم وطن حسیب طارق مینز 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ مقابلے میں 70 کھلاڑیوں میں 62ویں نمبر پر رہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ کو جاپان کی آکانے یاماگوچی سے اپنے گروپ 'ایل' کے ابتدائی میچ میں شکست کے بعد ماحور شہزاد کو آگے جانے کے لیے اپنے دوسرے میچ میں فتح ضروری تھی لیکن موساشینو فارسٹ اسپورٹس پلازہ میں ہونے والے میچ میں انہیں برطانیہ کی کرسٹی گِلمور نے 14-21، 14-21 سے ہرایا۔

کرسٹی گلمور پہلے سیٹ میں مختصر وقت کے لیے پوائنٹس میں پیچھے رہیں لیکن ایک مرتبہ برتری حاصل کرنے کے بعد انہوں نے پیچے مُڑ کر نہیں دیکھا اور 31 منٹ کے میچ میں دونوں گیمز بآسانی جیت لیے۔

کرسٹی گلمور نے میچ کے بعد ماحور کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'ماحور حالات کو دوبارہ اپنے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور مجھے اسی کی امید تھی'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں نے کئی مواقع پر اچھا کھیل پیش کیا ہے لیکن مجھے اس میں مزید بہتری لانا ہوگی'۔

مزید پڑھیں: اولمپکس کے افتتاحی میچز میں پاکستانی کھلاڑیوں کو ناکامی

دوسری جانب ٹوکیو ایکواٹکس سینٹر میں حسیب طارق 100 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں نو ہیٹس کے دوسرے مرحلے میں چھٹے نمبر پر رہے، ان کا وقت 53.81 سیکنڈز رہا جس کا مطلب وہ کینیا کے ہیٹ وینر ڈانیلو روسافیو سے 1.27 سیکنڈ پیچھے رہے۔

مقابلوں میں حصہ لینے والے 70 تیراکوں میں سے 16 سیمی فائنل میں پہنچے اور حسیب، اٹلی کے تھومس سیکون سے 6.10 سیکنڈز پیچھے رہے جنہوں نے 47.71 سیکنڈ کے تیز ترین وقت کا ریکارڈ قائم کیا اور فیورٹ امریکا کے سائلیب ڈریسل اور ریو میں طلائی تمغہ جیتنے والے آسٹریلیا کے کائل چالمرز سے آگے رہے۔

تھامس سیکون، ڈریسل سے سیکنڈ کا 200واں حصہ آگے رہے جبکہ چالمرز ان سے مزید سیکنڈ کا 400واں حصہ پیچھے رہے، ایونٹ کا عالمی ریکارڈ 46.91 سیکنڈ ہے۔

سیمی فائنل میں داخل ہونے والوں میں رومانیا کے 16 سالہ ڈیوڈ پوپووسی اور امریکا کے زیچ ایپل بھی شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں