کراچی، حیدرآباد ویکسینیشن کے معاملے پر بھی سب سے پیچھے ہیں، فواد چوہدری

اپ ڈیٹ 03 اگست 2021
فواد چوہدری نے حکومت سندھ کی کارکردگی پر سخت تنقید کی—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے حکومت سندھ کی کارکردگی پر سخت تنقید کی—فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی حکومتِ سندھ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد ویکسینیشن کے معاملے میں بھی سب سے پیچھے ہیں اور ساتھ ہی صوبائی حکومت کو مشورہ دیا کہ اسی لیے گورننس کو بہتر کرنے کی کوشش کرے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو دی جانے والی بریفنگ کے دوران ملک میں ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ اس معاملے میں بھی پیچھے ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں لاک ڈاؤن کا اعلان ویکسینیشن کے لیے گیم چینجر ثابت ہوا، مرتضیٰ وہاب

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سندھ پر تنقید نہیں کرنا چاہتے ہیں لیکن کراچی اور حیدرآباد ویکسینیشن میں بھی سب سے پیچھے ہیں اور اسی لیے سب سے زیادہ مسئلہ وہی پر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو چاہیے کہ وہ اپنے معاملات پر نظر ڈالے، اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی گورننس کچھ بہتر کرنے کی کوشش کرے، پاکستان میں جس شعبے کے اعداد وشمار آتے ہیں اس میں ہر شعبے میں حکومت سندھ سب سے پیچھے ملتی ہے جو بڑی بدقسمتی کی بات ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر معاملہ ایسے رہا تو اس پر بڑی تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ سندھ ہمارا بہت ہی اہم صوبہ ہے، بہت بڑی آبادی کا مسکن ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم بیٹھ کر شکلیں دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سندھ کو بار بار کہہ رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کے اختیارات ہیں کہ صوبوں کو ان کی گورننس کی طرف توجہ دلائیں اور ہم حکومتِ سندھ کو ان کی گورننس کی طرف توجہ دلاتے رہتے ہیں، جس کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ وہ سندھ کے عوام کی بہتری کے لیے اقدامات کریں۔

کابینہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کابینہ اجلاس کے آغاز میں ہی وزیراعظم کو بتایا گیا کہ سعودی عرب سے 23 قیدی واپس پاکستان پہنچ گئے ہیں اور اب تک پوری دنیا سے سیکڑوں قیدی پاکستان پہنچ گئے ہیں جو بیرون ملک معمولی جرائم میں قید تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ایک روز میں 10 لاکھ کووِڈ ویکسینز لگانے کا سنگ میل عبور کرلیا

انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان ہی ہیں جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا درد رکھتے ہیں ورنہ ہمارے سفارت خانے ان کو اندر گھسنے نہیں دیتے تھے اور ہم نے غیرمعمولی اقدامات کرتے ہوئے سعودی عرب میں پورا عملہ معطل کیا اور سزائیں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعوان، امین الحق اور شبلی فراز نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر وزیراعظم کو تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا، اپوزیشن کے ساتھ انتخابی اصلاحات کے لیے بات چیت کر رہے ہیں اور سینیٹ کی کمیٹی ایک ابتدائی نشست کر بھی چکی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اسپیکر آفس اپوزیشن کے ساتھ کمیٹی اور بیک ڈور پر بھی معاملات آگے بڑھا رہے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کے وزیراعظم انتخابات کروا رہے تھے، ان کے ہم زلف الیکشن کمیشن کے سینئر رکن تھے اور الیکشن کمیشن وزیراعظم نے لگایا تھا، سارا پیسہ، پولیس اور بیوروکریسی وہاں کی حکومت کے پاس تھی لیکن اس کے بعد بھی جب مسلم لیگ (ن) بری طرح ہار گئی تو اٹھ کر کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے۔

'انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن سے بات چیت جاری ہے'

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) یہاں 10 الیکشن ہار چکی ہے، سیالکوٹ میں ایک الیکشن جیتے تو مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ دھاندلی ہوئی تو اس کا حل کیا ہے، لہٰذا ضروری ہے بڑے معاملات پر حکومت اور اپوزیشن کو ایک پوزیشن لینی پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اصلاحات کے 49 نکات پیش کر دیے ہیں، اگر اپوزیشن کو اختلاف ہے تو اپنی اصلاحات لے کر آئیں، ہم واضح کرچکے ہیں کہ ہمارے نکات حتمی نہیں ہیں، یہ ہماری سوچ ہے اور اگر آپ کو اختلاف ہے تو اپوزیشن بہتر حل ہے تو بیٹھ کر بات کریں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے ساتھ چلنے کی بات کی ہے جو بڑی خوش آئند ہے اور اسی پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو اسمبلی کے اندر موجود رہنماؤں کو قیادت کرنی چاہیے، نواز شریف اور الطاف حسین کو پارٹی کی قیادت کرنے کا حق نہیں۔

'نیول اور فضائیہ کو تجاوزات چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے'

انہوں نے کہا کہ چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے اسلام آباد کے سیکٹر ای ایٹ اور سیکٹر ای نائن میں تجاوزات ہٹانے کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد کا حشر بگاڑ دیا،سیاست دانوں کے کہنے پر اونچی عمارتوں کی اجازت دی گئی، جسٹس گلزار

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارک میں کسی قسم کی تجاوزات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیں گی اور وزیراعظم نے سخت احکامات جاری کیے ہیں۔

کابینہ اجلاس سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے گرین ایریاز میں جن اداروں کی جانب سے بھی تجاوزات کی گئی ہیں، ان کو پیچھے ہٹادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیول فورسز سے کہا گیا کہ اپنی باؤنڈری گرین ایریا سے پیچھے لے کر جائیں، فضائیہ کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنا ایریا چھوڑ کر پیچھے چلے جائیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری اداروں خصوصاً اسلام آباد پولیس نے بہت سارے علاقوں میں اپنی چیک پوسٹیں بنائی ہیں، ان کو کہا گیا کہ وہ اپنی چیک پوسٹیں ختم کریں اور جو علاقہ چاہے کسی ادارے یا طاقت ور آدمی کا ہے، ان کی تجاوزات ختم کردی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹورس میں سردار تنویرالیاس کےخلاف بھی کارروائی کی گئی ہے جو ہمارے رہنما ہیں اور ابھی آزاد کشمیر میں منتخب ہوگئے ہیں، وزیراعظم نے طاقت ور ترین لوگوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی دباؤ کے بغیر تجاوزات کے خلاف کارروائی پر عمل درآمد جاری رہے گا، ہم قبضے نہیں ہونے دیں گے، ہم اسلام آباد کے اندر گرین ایریاز کو بحال کر رہے ہیں۔

نئی تعیناتیوں سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی کی تعیناتی کی منظوری دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنی گالا کی طرح نسلہ ٹاور بھی ریگیولرائز ہوسکتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ

ان کا کہنا تھا کہ ممنوعہ اسلحے کے لائسنس کے اجرا کا اختیار وزیر داخلہ یا سیکریٹری داخلہ اور غیر ممنوعہ اسلحے کے لائسنسن کے اجرا کا اختیار وزیر، سیکریٹری، وزیر داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری ایڈمن کو دینے کی تجویز دی ہے، یہ اختیار پہلے وزیراعظم کے پاس تھا۔

'مجاہد پرویز کی امریکا حوالگی کی منظوری'

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ نے امریکی حکومت کی درخواست پر فراڈ کے مقدمے میں مطلوب مجاہد پرویز کو امریکا کے حوالے کرنے کی منظوری دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجاہد پرویز پر کرپشن اور قانون شکنی میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تحقیقات کے نتیجے میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ مذکورہ شخص پر قانون شکنی کے الزامات بظاہر حقائق پر مبنی ہیں اور اس حوالے سے ہم نے خود جو تحقیق کی تھی اس کے نتیجے میں امریکا کے حوالے کیا گیا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 51 تھری کے تحت قومی اسمبلی میں مختلف صوبوں کی نشستوں کی تقسیم کے معاملے پر غور کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ مردم شماری کے عبوری اور حتمی اعداد و شمار میں کوئی خاص فرق سامنے نہیں آیا لہٰذا ان نشستوں میں ردو بدل کی ضرورت نہیں ہے۔

'مہنگائی میں کمی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے'

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو معاشی اشاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور یہ بات اہم ہے کہ مہنگائی کے اعداد وشمار میں مسلسل کمی آرہی ہے اور نئے اعداد وشمار کے مطابق مہنگائی اس وقت 7.4 فیصد پر آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مئی میں 63 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہوگیا

ان کا کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پچھلے پورے ایک سال میں 1.9 ارب ڈالر رہا ہے، جو 20 ارب ڈالر سے یہاں آیا ہے، ابھی کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے کیونکہ ہمارے ہاں نجی سرمایہ کاری بہت بڑھی ہوئی ہے۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ بینکوں کے ہمارے مجموعی قرضوں میں نجی قرضوں میں 75 ارب روپے پچھلے سال اور اس سال بڑھ کر 489 ارب روپے پر پہنچ گیا ہے اور اس سے اندازہ لگائیں کہ کاروبار میں کتنی وسعت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 61 اشیا کی درآمد پر ڈیوٹی معاف کردی گئی ہے جو کووڈ سے متعلق صحت کی اشیا ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلوں میں سب سے اہم کامیابی جوان پروگرام کی منظوری ہے اور کوشش کریں گے کہ اس ہفتے اس کا افتتاح ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں