ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس پر افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش

ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وزیر خارجہ - فائل فوٹو:اے پی پی
ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، وزیر خارجہ - فائل فوٹو:اے پی پی

ملک بھر میں آج یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر وطن عزیز میں امن و استحکام اور عوام کے جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پولیس فورس کے جوانوں کو خرج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس دن کی مناسبت سے پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں آرمی چیف سمیت وفاقی وزرا اور صوبائی پولیس سربراہان کی جانب سے شہدا کی قربانیوں کو یاد کیا اور خراج عقیدت پیش کیا۔

یوم شہدائے پولیس ہر سال مورخہ 4 اگست کو ملکی سطح پر منایا جاتا ہے جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیان جاری کرتے ہوئے پاکستان پولیس کو سلام پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان پولیس نے اپنے فرض نبھانے اور ملک میں امن و استحکام لانے میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے'۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج یوم شہدائے پولیس کے موقع پر میں ان شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے، پوری قوم کو شہدا کی لازوال قربانیوں پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں یقین دلاتا ہوں کہ ہم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انہی شہدا کے مقدس خون کی بدولت، امن کے دیپ روشن ہیں'۔

وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے یوم شہدا پر ریلوے پولیس کے شہدا کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ جن شہدا نے وطن عزیز اور محکمہ ریلوے کی خاطر اپنے فرض کی ادائیگی میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ان کا نام تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے موٹر وے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، سپاہی سے لے کر آئی جی تک اور فوجی جوانوں نے ملک کے امن کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کی ہیں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ایک وقت تھا کہ پاکستان میں دھماکے ہورہے تھے، ہماری پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے قربانیاں دیں اور آج پاکستا ن امن کے نام سے جانا جاتا ہے'۔

اس دن کی مناسبت سے سندھ پولیس کے انسپیکٹر جنرل (آئی جی) نے کہا کہ پولیس میموریل ڈے ان لوگوں کی قربانیوں کی ایک یاد دہانی ہے جنہوں نے اپنی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس کے لیے ہم ان کے اہل خانہ کے قرض دار ہیں۔

ادھر ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے بھی پولیس فورس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'پولیس کی قربانیوں کو، ان کے عزم اور پاکستان کے عوام کو امن اور سلامتی کی فراہمی کے لیے لگن کو سلام پیش کرتا ہوں'۔

دوسری جانب گلگت بلتستان میں پاک فوج اور پولیس نے مل کر شہدا پولیس کا دن منایا۔

پولیس کے صوبائی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہدا پر پھول چڑھا کر فورس کمانڈر ناردرن ایریاز میجر جنرل جواد احمد اور پولیس سربراہ انسپکٹر جنرل محمد سعید وزیر نے پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا اور داخلی امن کے قیام اور شہریوں کے مال و جان کے تحفظ میں پولیس کے کردار کو سراہا۔

تبصرے (0) بند ہیں