کووڈ سے حاملہ خواتین کو لاحق ہونے والی ایک اور پیچیدگی کا انکشاف

11 اگست 2021
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کورونا وائرس کا سامنا کرنے والی حاملہ خواتین کے ہاں بچوں کی قبل از وقت پیدائش کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اس تحقیق کے مطابق حمل کے دوران کووڈ 19 سے متاثر ہونے والی خواتین کے ہاں بچوں کی پیدائش بہت زیادہ جلدی ہوسکتی ہے۔

حمل کے 32 ہفتوں سے قبل بچے کی پیدائش کو بہت زیادہ قبل از وقت تصور کیا جاتا ہے اور کووڈ سے متاثر حاملہ خواتین میں یہ خطرہ 60 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اسی طرح کووڈ سے متاثر خواتین میں حمل کے 37 ہفتے سے قبل بچوں کی پیدائش کا امکان 40 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

جو خواتین کووڈ کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر، ذیابیطس یا موٹاپے کی شکار ہوں، ان میں قبل از وقت پیدائش کا خطرہ 160 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ قبل از وقت پیدائش کے باعث حاملہ خواتین اور بچوں کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہوسکتا ہے اور پیدائش جتنی جلد ہوگی بچوں میں پیچیدگیوں کا خطرہ اتنا زیادہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ حاملہ خواتین میں کووڈ 19 کی روک تھام کے اقدامات بشمول ویکسینیشن بہت اہمیت رکھتے ہیں تاکہ قبل از وقت پیدائش کا خطرہ کم کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حاملہ خواتین کو ویکسینز اور بچے کی صحت کے حوالے سے خدشات ہوسکتے ہیں، تو ان خدشات کو کم کرنے کے لیے انہیں ویکسینز کے محفوظ ہونے کے شواہد سے آگاہ کیا جانا چاہیے اور کووڈ سے لاحق خطرات کے بارے میں بتانا چاہیے۔

خیال رہے کہ بیشتر ممالک میں حاملہ خواتین کو کووڈ ویکسینیشن مہمات کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے یا اس حوالے سے جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

اس تحقیق میں جولائی 2020 سے جنوری 2021 کے دوران کیلیفورنیا وائٹل اسٹیٹکس برتھ سرٹیفکیٹس کے ذریعے تمام بچوں کی پیدائش کا تجزیہ کیا گیا۔

اس عرصے میں 2 لاکھ 40 ہزار سے بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے لگ بھگ 9 ہزار بچے ایسے تھے جن کی ماؤں میں حمل کے دوران کووڈ کی تشخیص ہوئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ سے متاثر خواتین میں قبل از وقت بچوں کی پیدائش کی شرح 11.8 فیصد تھی جو اس بیماری سے محفوظ خواتین میں 8.7 فیصد تھی۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی لانسیٹ ریجنل ہیلتھ میں شائع ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں