اسلم رئیسانی نے جامعہ بلوچستان کے کیمپس کیلئے زمین عطیہ کردی

اپ ڈیٹ 19 اگست 2021
زمین تمام تر قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد جامعہ کے لیے الاٹ کی گئی — فائل فوٹو: اے پی پی
زمین تمام تر قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد جامعہ کے لیے الاٹ کی گئی — فائل فوٹو: اے پی پی

بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ اور سراوان کے سربراہ نواب اسلم رئیسانی نے جامعہ بلوچستان کے مستونگ کیمپس کی تعمیر کے لیے 50 ایکڑ زمین عطیہ کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نواب اسلم رئیسانی، جو بلوچستان کے وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں، انہوں نے اپنے حلقے اور آبائی قصبے کناک کے دورے کے دوران حد بندی کے بعد اپنی زمین باضابطہ طور پر جامعہ کے منتظمین کے حوالے کردی۔

یہ بھی پڑھیں: طالبات ہراسانی کیس: بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر عہدے سے دستبردار

زمین تمام تر قانونی ضابطے مکمل کرنے کے بعد جامعہ کے لیے الاٹ کی گئی، جس کے بعد سب کیمپس کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔

زمین حوالگی کی تقریب میں مستونگ سب کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، کوآرڈینیٹر غلام مصطفیٰ شاہوانی، نوابزادہ میر رئیس رئیسانی، تکری عبدالحلیم بنگلزئی، میر یوسف بنگلزئی، ڈاکٹر عبدالستار بنگلزئی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں نواب رئیسانی کا کہنا تھا کہ مستونگ سب کیمپس کی تعمیر سے نہ صرف خطے میں تعلیمی انقلاب آئے گا بلکہ اس سے معیشت، سیاست، علاقائی اور سماجی معاملات پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل، طلبہ کا ایف سی پوسٹ ہٹانے، یونین کی بحالی کا مطالبہ

انہوں نے قبائلی عمائدین اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون پر ان کی حوصلہ افزائی کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ ضلع میں تعلیمی انقلاب لانے میں اہل علاقہ اور قبائل وائس چانسلر اور جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ کی حمایت کرے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں