ملک میں جمہوری نہیں، شرعی نظام حکومت نافذ ہوگا، افغان طالبان کمانڈر

اپ ڈیٹ 19 اگست 2021
وحید اللہ ہاشمی نے رائٹرز کو پاکستان کی سرحد کے قریب انٹرویو دیا—فوٹو: رائٹرز
وحید اللہ ہاشمی نے رائٹرز کو پاکستان کی سرحد کے قریب انٹرویو دیا—فوٹو: رائٹرز

افغانستان کا کنٹرول حاصل کرنے والے طالبان گروپ کے اہم ترین کمانڈر نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری طرز حکمرانی نہیں بلکہ شرعی نظام حکومت نافذ کیا جائے گا۔

اہم ترین کمانڈر اور ممکنہ طور پر طالبان کی نئی حکومت میں اہم عہدے پر براجمان ہونے والے وحید اللہ ہاشمی کے مطابق افغانستان میں حکومت کے نفاذ کے لیے مشورے جاری ہیں اور ممکنہ طور پر اس مرتبہ بھی کونسل کی طرح حکومت کو چلایا جائے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں وحید اللہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس بات کے کوئی امکانات نہیں ہیں کہ افغانستان میں جمہوریت طرز کی حکومت نافذ کی جائے۔

ان کے مطابق افغانستان کو کونسل طرز کی شرعی نظام حکومت کے تحت چلایا جائے گا اور ہبت اللہ اخونزادہ سپریم لیڈر کا کردار ادا کریں گے۔

اقتدار پر کنٹرول کرنے والے گروپ کے اہم ترین کمانڈر کا کہنا تھا کہ طالبان ارکان سابق افغان فوجیوں اور خصوصی طور پر جنگی پائلٹس کی تلاش میں ہیں، انہیں ڈھونڈ کر نئی بننے والی کونسل فوج میں شمولیت کی دعوت دی جائے گی، کیوں کہ طالبان حکومت کو جدید ہیلی کاپٹر اور ایئرکرافٹس چلانے والے پائلٹس کی ضرورت پڑے گی۔

انہوں نے افغانستان میں جلد قائم کی جانے والی ممکنہ حکومت کا نقشہ کھینچتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ بھی طالبان کی ماضی کی حکومت سے ملتا جلتا نظام نافذ کیا جائے گا، جیسے ماضی میں 1996 سے 2001 تک ملا عمر سپریم لیڈر تھے، اسی طرح اب بھی حکومت کے اعلیٰ احکامات سپریم لیڈر ہی دیں گے اور حکومت کو کونسل کے ذریعے چلایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان صدر اشرف غنی ملک چھوڑ گئے، طالبان دارالحکومت کابل میں داخل

وحیداللہ ہاشمی کا کہنا تھا کہ امکان یہی ہے کہ ہبت اللہ اخونزادہ سپریم لیڈر بنیں گے جب کہ ان کا نائب مقرر ہونے والا ممکنہ طور پر صدر کا عہدہ سنبھالے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ طالبان کے سپریم لیڈر کے تین نائب ہوں گے، جن میں ملا عمر کے بیٹے ملا یعقوب، طاقتور حقانی نیٹ ورک گروپ کے سربراہ سراج الدین حقانی اور دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان عبدالغنی برادر شامل ہیں۔

طالبان کمانڈر کے مطابق اگرچہ ابھی نظام حکومت سے متعلق کچھ واضح نہیں ہے مگر یہ طے ہے کہ یہاں جمہوری نہیں بلکہ شرعی نظام لاگو ہوگا اور طالبان حکومت کی کوشش ہے کہ نئی قومی فوج میں سابق افغان فوجیوں کو بھی شامل کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس میں بھی کوئی دو رائے نہیں کہ فوج میں بہتری کے لیے کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی مگر وہ چاہیں گے کہ سابق افغان فوجی بھی ان کا ساتھ دیں۔

مزید پڑھیں: خواتین کو شریعت کے مطابق تمام حقوق دیے جائیں گے، ترجمان طالبان

ان کے مطابق افغان ایئر فورس کے پائلٹ اور ترکی، جرمنی و انگلینڈ سے تربیت حاصل کرنے والے فوجیوں کو بھی نیشنل فورس میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دی جائے گی اور اس ضمن میں انہیں تلاش کرکے ان سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔

کمانڈر نے یہ بھی کہا کہ طالبان کو امید ہے کہ پڑوسی ممالک حالیہ دنوں میں افغانستان سے وہاں جانے والے ہیلی کاپٹرز اور فوجی طیارے واپس کریں گے۔

انہوں نے ازبکستان جانے والے 22 فوجی طیاروں اور 24 ہیلی کاپٹرز کا حوالہ بھی دیا جو گزشتہ ہفتے کے آخر میں افغانستان سے وہاں پہنچے تھے۔

خیال رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو کابل میں صدارتی محل پر کنٹرول کرنے کے بعد وہاں کے انتظامات سنبھالے تھے اور افغانستان کے صدر اشرف غنی ایک دن قبل ہی وہاں سے فرار ہوگئے تھے۔

تقریباً ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود تاحال واضح نہیں ہوسکا کہ افغانستان میں کس طرح کی طرز حکومت تشکیل دی جائے گی لیکن اب کمانڈر نے وہاں کی ممکنہ حکومت کا نقشہ پیش کیا ہے۔

تبصرے (2) بند ہیں

ذیشان مشتاق Aug 19, 2021 02:46pm
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دعوت کی بنیاد پہ مدینہ میں اسلامی ریاست قائم کی تھی۔ بیعت عقبہ اولیٰ اور ثانیہ دعوت کا ہی نتیجہ تھیں۔ جب حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم کی دعوت کو یثرب والوں نے قبول کیا تو پھر حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے ہجرت فرما کر مدینے کا اقتدار سنبھالا۔ آپ صلی اللہ تعالٰی علیہ وآلہ وسلم نے طاقت کے زور پہ مدینے میں اسلام نہیں نافذ کیا تھا۔
ذیشان مشتاق Aug 19, 2021 03:19pm
حضرت عمر فاروق رضی اللّٰہ تعالیٰ عنہ نے بھی اپنے خطبے میں فرمایا تھا کہ "دیکھو خیال رکھو کوئی شخص کسی سے بغیر مسلمانوں کے صلاح مشورہ اور اتفاق اور غلبہ آراء کے بغیر بیعت نہ کرے جو کوئی ایسا کرے گا اس کا نتیجہ یہی ہو گا کہ بیعت کرنے والا اور بیعت لینے والا دونوں اپنی جان گنوا دیں گے"