صلاح الدین ایوبی پر سیریز کا ہدف مسلمانوں سے زیادہ غیر مسلم ہیں، پروڈیوسرز

گزشتہ ہفتے پاکستانی اور ترک کمپنیوں کے درمیان یہ سیریز بنانے کا معاہدہ ہوا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام
گزشتہ ہفتے پاکستانی اور ترک کمپنیوں کے درمیان یہ سیریز بنانے کا معاہدہ ہوا تھا—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز سے وابستہ پروڈیوسر جنید علی شاہ نے کہا ہے کہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بنائے جانے والی ڈراما سیریز کا ہدف غیر مسلم ہیں جو مسلمان حکمرانوں کے کارناموں سے ناواقف ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے گئے انٹرویو میں پروڈیوسر اور ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بتایا کہ ابتدائی منصوبے کے تحت یہ تاریخی سیریز تین سیزنز پر مشتمل ہوگی اور ہر سیزن میں 34 اقساط ہوں گی۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ نے بتایا کہ مسلمانوں سے زیادہ اس تاریخی ڈراما سیریز کا ہدف 6 ارب غیر مسلم ہیں جو مسلمان حکمرانوں کے کارناموں سے ناواقف ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور ترکی کا سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ڈراما بنانے کا اعلان

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے ساس بہو کے جھگڑوں، سطحی نوعیت کے موضوعات سے آگے نہیں بڑھ رہے، جمود کا شکار ہو رہے ہیں اس کے علاوہ معیار بھی ایسا نہیں ہے کہ دنیا بھر کو دکھایا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر بنائے جانے والی ڈراما سیریز میں صرف فنکار ہی مشترکہ نہیں ہوں گے بلکہ تکنیکی عملہ اور دیگر شعبے بھی مل کر کام کریں گے۔

اس ڈراما سیریز کے خیال کے حوالے سے ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ 'سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر سیریز بنانے کا خیال اس لیے آیا کہ وہ مسلمانوں کی تاریخ کے عہد ساز اور غیر متنازع حکمران تھے جن کا ذکر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی عزت سے کرتے ہیں۔

ڈاکٹر کاشف انصاری نے بتایا کہ یہ ڈراما سیریز صرف مسلمانوں یا پاکستان اور ترک آبادی کے لیے نہیں بلکہ اس کے ذریعے دنیا کو یہ دکھانا ہے کہ ایک مسلمان حکمران تھا جس کے مخالفین بھی اس کی شجاعت، انصاف، بہادری اور مساوات کے معترف تھے۔

ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ مصر، شام، عراق، دیار بکر اور حجاز پر طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے سلطان صلاح الدین ایوبی آج کل کی نوجوان نسل اور مسلمانوں میں ایک گمنام شخصیت بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز میں قرآن، تاریخ اور مذہبی ہم آہنگی پر زیادہ توجہ دی گئی ہے جس سے یہ واضح ہوگا کہ قرآنِ کریم کے اصولوں کے تحت ایک ایسی سلطنت کا نظام چلایا جا سکتا ہے جسے تمام مذاہب میں قابل قبول سمجھا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان و ترکی کا مشترکہ طور پر 'ترک لالا' ڈراما بنانے کا امکان

تاریخی ڈراما سیریز کے لیے ترک ادارے کے ساتھ اشتراک سے متعلق ڈاکٹر کاشف انصاری نے کہا کہ 'اکلی فلمز کا نقطہ نظر اور ہمارا خیال ملتا جلتا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس تاریخی نوعیت کے ڈرامے بنانے کا تجربہ اور سنجیدگی دونوں موجود ہیں اس لیے اس مشترکہ منصوبے میں ان کے ساتھ کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈاکٹر کاشف انصاری کا کہنا تھا کہ اس طرح پاکستان عالمی معیار کی پروڈکشن کا حصہ بن کر خود بھی سیکھے گا اور بعد میں ہم اکیلے اسی معیار کی پروڈکشن کر سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وقت دنیا کی نمبر ون فلم انڈسٹری کے ساتھ کام کر رہے ہیں کیونکہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران ہولی وڈ اور بولی وڈ میں کام تقریباً بند اور کمائی صفر ہوگئی جبکہ ترک فلم انڈسٹری نے اس دوران شوٹنگ بھی زورو شور سے جاری رکھی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا کے دوران ہی ارطغرل کا سیکوئل کورلش عثمان سامنے آیا اور ترک فلم انڈسٹری کو کمائی بھی خوب ہوئی۔

ڈراما سیریز کی کہانی سے متعلق ڈاکٹر کاشف انصاری نے کہا کہ فی الحال ترک تاریخ دان، محققین اور مصنفین کی مدد سے اسکرپٹ رائٹرز اس سیریز کا اسکرپٹ لکھ رہے ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلے ماہ ستمبر تک یہ کام مکمل ہوجائے گا اور کردار سامنے آجائیں گے تو اسکرین ٹیسٹ کا مرحلہ شروع ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاک و ترک فلم پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان مشترکہ کام کرنے کا معاہدہ

ڈاکٹر کاشف انصاری نے بتایا کہ اس سیریز میں میرٹ کی بنیاد پر اسکرین ٹیسٹ لیا جائے گا اور جو فنکار جس کردار کے ساتھ انصاف کر پائے گا اسے منتخب کر لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیریز کے لیے پہلے سے کسی کے لیے کوئی کردار منتخب نہیں کیا گیا البتہ اس سیریز کی کاسٹ میں دونوں ممالک کے فنکار شامل ہوں گے۔

صلاح الدین ایوبی کی غیر مسلم معاشرے میں مقبولیت سے متعلق ڈاکٹر کاشف انصاری نے کہا کہ ناروے میں ہر سال9 جون کو ’صلاح دین ڈے‘ منایا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ صلاح الدین ایوبی سے جنگ کرنے والے رچرڈ آف انگلینڈ ون جو لائن ہارٹ کے نام سے مشہور تھے، کا کہناہے کہ اگر میں نے کبھی اپنے کسی دشمن کی دل سے عزت کی ہے تو وہ صلاح دین تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اور ترکی کی ڈراما و فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر ٹی وی سیریز بنانے کا اعلان کیا تھا۔

دونوں ممالک کی پروڈکشن کمپنیوں کے درمیان یہ معاہدہ 20 اگست کو سربیا میں طے پایا اور معاہدے کے وقت پاکستانی اداکار عدنان صدیقی بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں