اشتیاق بیگ نے گلوکار زوہیب حسن کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2021
اشتیاق بیگ نے 2 ستمبر کو عدالت میں دعویٰ دائر کیا—فائل فوٹو: فیس بک
اشتیاق بیگ نے 2 ستمبر کو عدالت میں دعویٰ دائر کیا—فائل فوٹو: فیس بک

صنعت کار اور سماجی رہنما مرزا اشتیاق بیگ نے ماضی کے مقبول پاپ گلوکار زوہیب حسن کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

اس سے قبل مرزا اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو 14 اگست کو ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے ان پر لگائے گئے الزامات پر دو ہفتوں کے اندر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا اور ساتھ ہی کہا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ عدالت میں مقدمہ دائر کردیں گے۔

زوہیب حسن کی جانب سے معافی نہ مانگے جانے پر اشتیاق بیگ نے 2 ستمبر کو سندھ ہائی کورٹ میں ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔

دائر کیے گئے مقدمے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مدعی کو گلوکار سے ایک ارب روپے دلوائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: نازیہ حسن کی 21 ویں برسی پر زوہیب حسن کے سنگین انکشافات

درخواست میں کہا گیا کہ زوہیب حسین نے گزشتہ ماہ 13 اگست کو مدعی پر ایک ٹی وی انٹرویو میں الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف نامناسب زبان استعمال کی، جس وجہ سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔

درخواست کے مطابق زوہیب حسن نے انٹرویو میں گلوکارہ نازیہ حسن کی موت غیر فطری قرار دیا۔

زوہیب حسن نے 13 اگست 2021 کو اشتیاق بیگ پر الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: فیس بک
زوہیب حسن نے 13 اگست 2021 کو اشتیاق بیگ پر الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: فیس بک

اشتیاق بیگ نے مقدمے میں لکھا کہ ان کے پاس اہلیہ نازیہ حسن کے موت کا سرٹیفکیٹ موجود ہے اور وہ کافی عرصے سے کینسر میں مبتلا تھیں۔

انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ زوہیب حسن حقائق کے برعکس باتیں کر رہے ہیں، انہیں بیان بازی اور مدعی کے خلاف بیانات دینے سے روکا جائے۔

صنعت کار نے عدالت سے استدعا کی کہ زوہیب حسن کو ان کے خلاف نامناسب دعوے کرنے سے روکنے کا حکم دے کر انہیں ان سے ایک ارب روپے بھی دلوائے جائیں۔

انہوں نے درخواست میں دلیل دی گئی کہ انہوں نے ابتدائی طور پر زوہیب حسن کو نوٹس بھجوا کر معافی مانگنے کی مہلت بھی دی مگر انہوں نے ان سے معافی نہیں مانگی، جس کی وجہ سے انہوں نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔

مزید پڑھیں: مرزا اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات مسترد کردیے

ابھی یہ واضح نہیں کہ اشتیاق بیگ کی درخواست پر کب تک سماعت ہوگی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ جلد عدالت زوہیب حسن کو نوٹس جاری کرے گی۔

اس سے قبل اشتیاق بیگ نے 14 اگست کو زوہیب حسن کو ہرجانے کا نوٹس بھجواتے ہوئے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔

صنعت کار نے گلوکار کو الزامات لگانے کے ایک دن بعد نوٹس بھجوایا تھا۔

اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انہیں پہلے نوٹس بھجوایا تھا—فائل فوٹو: فیس بک
اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کے الزامات مسترد کرتے ہوئے انہیں پہلے نوٹس بھجوایا تھا—فائل فوٹو: فیس بک

زوہیب حسن نے 13 اگست کو مختلف ٹی وی چینلز سے بات کرتے ہوئے اشتیاق بیگ پر سنگین الزماات لگائے تھے۔

زوہیب حسن کا کہنا تھا کہ ان کی بہن مرتے وقت دیے گئے بیان میں کہہ کر گئی تھیں کہ شوہر نے انہیں مشکوک زہریلی چیز کھلائی اور وہ انہیں قید کرکے ان پر تشدد بھی کرتے تھے۔

ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بہن اور اشتیاق بیگ میں 2000 میں ہی طلاق ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: اشتیاق بیگ نے زوہیب حسن کو ہرجانے کا نوٹس بھجوا دیا

زوہیب حسن کے دعوؤں پر اشتیاق بیگ نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے تمام الزامات کو مسترد کیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی اور نازیہ کی طلاق نہیں ہوئی تھی اور زوہیب اپنے والدین سمیت ان کی جائیداد ہتھیانے چاہتے تھے اور اب وہ مالی طور پر کمزور ہوگئے ہیں تو ان پر الزامات لگا رہے ہیں۔

مرزا اشتیاق بیگ اور نازیہ حسن نے 1995 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں شادی کے فوری بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو کینسر کے باعث برطانیہ میں انتقال کر گئی تھیں۔

نازیہ حسن اور اشتیاق بیگ کو ایک بیٹا بھی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
نازیہ حسن اور اشتیاق بیگ کو ایک بیٹا بھی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں