ایمن سلیم نے اداکاری سے کنارہ کشی کی وجہ بتادی

اپ ڈیٹ 12 ستمبر 2021
انہوں نے رواں برس جولائی میں اپنے پہلے ڈرامے کے بعد یہ اعلان کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
انہوں نے رواں برس جولائی میں اپنے پہلے ڈرامے کے بعد یہ اعلان کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

اپنے پہلے ہی ڈرامے سے مقبولیت پانے والی پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم نے اداکاری سے کنارہ کشی کے اعلان کے 2 ماہ بعد اس کی وجہ بتادی۔

نجی چینل کے پروگرام 'ٹائم آؤٹ ود احسن خان' کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں اداکارہ نے شوبز سے کنارہ کشی کے اعلان کی وجہ بتائی۔

ایمن سلیم نے کہا کہ میرا تعلق کارپوریٹ سے ہے، اس لیے میں جب شوبز انڈسٹری میں آئی تو مکمل طور پر تیار نہیں تھی اور ہماری انڈسٹری باقی انڈسٹری سے کافی مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نیویارک میں انویسٹمنٹ بینکنگ کی، پھر بحثیت کلسنٹنٹ کام کیا تو اس انڈسٹری سے یہ شوبز انڈسٹری تو بالکل مختلف ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ جب وہ انڈسٹری میں آئیں تو پہلے تو سمجھ نہیں آیا کہ یہ میں کرنا چاہتی ہوں یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں نے شوبز سے بریک لیا کہ جائزہ لے سکوں کیا مجھے واقعی یہ کام کرنا ہے اور اگر ہاں تو پھر مستقل یہی کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ رواں برس جولائی میں اداکارہ ایمن سلیم نے اپنے شوبز کیریئر سے متعلق مذکورہ اعلان انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے ذریعے کیا تھا۔

—فوٹو: اسکرین شاٹ
—فوٹو: اسکرین شاٹ

اداکارہ ایمن سلیم نے اپنے شوبز کیریئر سے متعلق مذکورہ اعلان انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک اسٹوری کے ذریعے کیا۔

انہوں نے مداحوں سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مستقبل کے فیصلے سے بھی آگاہ کریں گی۔

ایمن سلیم نے اپنے ڈیبیو ڈرامے میں بے حد مقبولیت کے بعد اچانک اداکاری سے کنارہ کشی کے فیصلے کی اس وقت کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان کے سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی اور رشتے میں پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی بھانجی، ایمن سلیم نے رواں برس اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

اداکارہ ایمن سلیم نے نجی چینل ہم ٹی وی پر رمضان اسپیشل ڈرامے ’چپکے چپکے’ سے ڈیبیو کیا تھا جو مداحوں میں بہت زیادہ مقبول بھی ہوا۔

رواں برس اپریل اور مئی کے مہینے میں نشر ہونے والے اس ڈرامے میں ایمن سلیم نے رمیشا عرف مشی نامی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔

علاوہ ازیں ’چپکے چپکے‘ میں مداحوں کو ایمن سلیم اور ارسلان نصیر کی ’مشی اور ہادی‘ کی جوڑی بھی بہت بھائی تھی۔

یہی نہیں بلکہ عید کے بعد دونوں اداکاروں نے کپڑوں کے معروف برانڈ سو کمال کا ایک ایڈ بھی کیا تھا اور بعدازاں ایمن سلیم، عاصم جوفا سمیت مختلف برانڈز کی ماڈلنگ کرتی ہوئی بھی نظر آئی تھیں۔

واضح رہے کہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے سے پہلے ایمن سلیم نے لگ بھگ ایک دہائی قبل ایک منفرد عالمی ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

انہوں نے 2010 میں اسمارٹ کار میں لڑکیوں کی زیادہ تعداد کے بیٹھنے کا ریکارڈ توڑا تھا، انہوں نے اپنی اے لیولز کی دوستوں کے ساتھ مل کر عالمی ریکارڈ توڑا تھا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ان کے ڈیبیو کے بعد ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھیں جس میں ایمن سلیم نے معروف کامیڈین عمر شریف کے پروگرام ’دی شریف شو‘ میں شرکت کی تھی۔

ویڈیو میں عمر شریف سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ایمن سلیم نے بتایا تھا کہ وہ گنیز بک آف ورلڈ کا عالمی ریکارڈ توڑ چکی ہیں، یہ ایک ایسا عالمی ریکارڈ تھا جس میں 18 افراد ایک ساتھ 5 سیکنڈز کے لیے اسمارٹ کار میں بیٹھے تھے۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ جب انہوں نے یہ عالمی ریکارڈ دیکھا تو اس ریکارڈ کو توڑنے کا سوچا اور پھر 18 لڑکیاں جمع کیں اور ان 18 لڑکیوں کے ساتھ اسمارٹ کار میں 10 سیکنڈز تک بیٹھی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ پچھلے ریکارڈ میں 18 افراد تھے جبکہ ایمن سلیم نے جو ریکارڈ قائم کیا اس میں 19 لڑکیاں تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں