عمر شریف کے علاج کیلئے کردار ادا کرنے پر ریما خان شوہر کی مشکور

اپ ڈیٹ 14 ستمبر 2021
اداکارہ نے شوہر کی تعریفیں بھی کیں—فائل فوٹو: فیس بک
اداکارہ نے شوہر کی تعریفیں بھی کیں—فائل فوٹو: فیس بک

ماضی کی مقبول اداکارہ ریما خان نے لیجنڈری اداکار، میزبان و کامیڈین عمر شریف کے علاج کے لیے کردار ادا کرنے پر اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب معروف ماہر امراض قلب ہیں اور وہ امریکی شہری ہیں، اداکارہ نے ان سے 2011 میں شادی کی تھی۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے امریکا میں عمر شریف کے علاج کے لیے انتظامات کر رکھے ہیں، جس کی تصدیق خود اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے بھی کی ہے۔

عمر شریف علاج کے لیے دو سے تین دن میں امریکا روانہ ہوں گے، جہاں ڈاکٹر طارق شہاب دیگر ماہر امراض قلب کے ہمراہ ان کا علاج کریں گے۔

لیجنڈری اداکار کے علاج کے لیے کردار ادا کرنے پر ریما خان نے اپنے شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فیس بک اور انسٹاگرام پر ان کی تعریف کے لیے پوسٹ بھی شیئر کی۔

ریما خان نے انسٹاگرام پر عمر شریف کے ساتھ کھچوائی گئی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر نے ماضی کے مقبول اداکار کے علاج کے لیے کردار ادا کیا۔

ریما خان نے عمر شریف کی علالت پر بھی بات کی اور لکھا کہ انہوں نے پوری زندگی سخت محنت کرکے مشکل حالات میں بھی عوام کو ہنسایا اور آج ان کی بیماری کی خبر نے اداکارہ کو پریشان کردیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ان کے شوہر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے لیے ہائی رسک پروسیجر کی حامی بھری۔

یہ بھی پڑھیں: ریما خان افغان مہاجرین کی خدمت کرنے پر شوہر کی معترف

ریما خان نے اس بات پر فخر اور شکر کا اظہار کیا کہ ان کے شوہر عمر شریف کے اہل خانہ کے ساتھ اداکار کے علاج کے لیے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

انہوں نے شوہر کی جانب سے عمر شریف کا علاج کرنے کے لیے انتظامات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی لکھا کہ وہ اداکار کی شفایابی کے لیے دعاگو ہیں۔

ریما نے ڈاکٹر طارق شہاب سے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ریما نے ڈاکٹر طارق شہاب سے 2011 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ریما خان نے لکھا کہ وہ خدا سے دعا کریں گی کہ طارق شہاب کے ہاتھوں میں شفا رکھے اور عمر شریف صحت یاب ہوکر عوام کو پھر سے ہنسائیں۔

خیال رہے کہ عمر شریف گزشتہ ایک ماہ سے علیل ہیں اور وہ اس وقت کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج ہیں مگر وہ جلد ہی امریکا روانہ ہوں گے۔

مزید یڑ ھیں: ویزے، ایئر ایمبولینس کے انتظامات ہوگئے، جلد امریکا روانہ ہوں گے، اہلیہ عمر شریف

گزشتہ ہفتے عمر شریف نے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد مانگتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کا علاج امریکا، جرمنی اور سعودی عرب میں ہوسکتا ہے، اس لیے انہیں باہر بھیجنے میں ان کی مدد کی جائے۔

عمر شریف کی اپیل کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات پر وفاقی حکومت نے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا اور 13 ستمبر کو اداکار کی اہلیہ زرین غزل نے بتایا تھا کہ ان کے شوہر کے بیرون ملک علاج کے انتظامات تقریبا مکمل ہو چکے ہیں۔

زرین غزل نے بتایا تھا کہ وفاقی حکومت جلد ہی انہیں ویزے فراہم کردے گی جس کے بعد سندھ حکومت انہیں امریکا منتقل ہونے کے لیے ایئر ایمبولینس فراہم کرے گی اور عمر شریف دو سے 3 دن علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔

عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کے مطابق امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب نے علاج کے انتظامات کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کے مطابق امریکا میں ڈاکٹر طارق شہاب نے علاج کے انتظامات کر رکھے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں