فائزر/بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کے لیے محفوظ اور بیماری سے بچانے کے لیے مؤثر ہے۔

یہ بات فائزر کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے ایک جاری بیان میں بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ ہم بچوں کو ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کے لیے ریگولیٹری منظوری کا انتظار ہے، بالخصوص اس وقت جب کورونا کی قسم ڈیلٹا بچوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور ان کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ جولائی سے امریکا میں بچوں میں کووڈ 19 کیسز کی شرح میں 240 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ویکسینیشن کی ضرورت سامنے آتی ہے'۔

فائزر کی جانب سے 5 سے 11 سال کے 2268 بچوں کو ٹرائل کا حصہ بنایا گیا تھا۔

ان بچوں کو فائزر ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرائی گئی مگر ان کی مقدار 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے مقابلے میں کم رکھی گئی تھی۔

کمپنی نے بتایا کہ ٹرائل میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں میں ویکسین محفوظ، قابل برداشت ثابت ہوئی جبکہ اس سے وائرس ناکارہ بنانے والا ٹھوس اینٹی باڈی ردعمل بھی بنا۔

فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے یہ ڈیٹا اب یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے)، یورپین میڈیسین ایجنسی اور دیگر ریگولیٹرز سے شیئر کیا جائے گا اور امریکا میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری کی درخواست بھی جمع کرائی جائے گی۔

ایف ڈی اے نے فائزر ویکسین کو پہلے ہی 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مکمل منظوری دی ہوئی ہے جبکہ 12 سے 15 سال کے لیے ایمرجنسی منظوری حاصل کی گئی ہے۔

فائزر کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے نتائج، 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کی منظوری کے لیے ٹھوس بنیاد ہے اور ہم جلد ہی ریگولیٹرز سے منظوری کے لیے رجوع کریں گے۔

فائزر/بائیو این ٹیک کی جانب سے 2 سے 5 سال کی عمر اور 6 ماہ سے 2 سال کی عمر کے بچوں پر بھی ویکسین کے ٹرائلز ہورہے ہیں جن کے نتائج رواں سال ہی کسی وقت سامنے آسکتے ہیں۔

فائزر کو امریکا میں 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک کے استعمال کی منظوری دی گئی ہے اور یہ بوسٹر ڈوز ان افراد کے لیے ہوگا جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوگا۔

مگر ایف ڈی اے کی جانب سے تمام افراد کے لیے بوسٹر ڈوز کی فراہمی کے حکومتی منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ اس وقت تیسری خوراک 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو دی جانی چاہیے جن میں کووڈ 19 کی سنگین شدت کا خطرہ ہوتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں