قومی ٹیم کی وزیراعظم سے ملاقات، ورلڈ کپ میں کارکردگی سے عالمی سطح پر جواب دینے کا مشورہ

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2021
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد قومی ٹیم کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا گروپ فوٹو— فوٹو: عمران صدیق
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد قومی ٹیم کے ورلڈ کپ اسکواڈ کا گروپ فوٹو— فوٹو: عمران صدیق

وزیراعظم عمران خان نے ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ کے حوالے سے فکرمند نہ ہوں اور ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے جواب دیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں عمران خان نے کھلاڑیوں کو اہم مشورے دیے۔

مزید پڑھیں: محسوس ہوتا ہے انگلینڈ نے ہمیں استعمال کر کے پھینک دیا، چیئرمین پی سی بی

واضح رہے کہ وزیر اعظم نے قومی ٹیم سے ملاقات ایک ایسے موقع پر کی ہے جب چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں دورہ پاکستان کو منسوخ کر چکی ہیں۔

اجلاس میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا بھی موجود تھے جنہوں نے وزیر اعظم کو موجوہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

ملاقات کا آغاز قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے تعارف سے ہوا جس میں وزیرِ اعظم نے کھلاڑیوں کو کرکٹ کے حوالے سے اہم مشورے بھی دیے۔

انہوں نے کھلاڑیوں سے اپنے کرکٹ کیرئیر کے تجربات شیئر کیے اور ٹی20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالی نے کامیابی کے اصول وضع کر رکھے ہیں اور حضور اکرم ﷺ دنیا کے سب سے کامیاب ترین انسان ہیں، ان کا راستہ وہ ہے جو ہم پانچ وقت اللہ سے مانگتے ہیں، وہ راستہ جن پر اللہ کا انعام ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کا راستہ سچائی اور ایمانداری کا راستہ ہے اور انسان کوشش اور محنت سے اپنی تقدیر بدل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک راستہ عزت کا ہے اور دوسرا پیسے کا لیکن آپ کو پیسے کے بت کو توڑنا ہے، آپ کو ٹیم اور قوم کے لیے کھیلنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'نیوزی لینڈ، انگلش کرکٹ بورڈز کےخلاف قانونی کارروائی کیلئے وکلا سے مشاورت کریں گے'

عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں آپ پر ہیں، پوری قوم اپ کو کامیاب دیکھنا چاہتی ہے اور آپ دنیا میں پاکستان کے نمائندے و سفیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں. پوری دنیا پاکستانیوں کے ٹیلنٹ کو تسلیم کرتی ہے، آپ میں ٹیم سپرٹ ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میدان میں جب اتریں تو خود اعتمادی اور جیتنے کے جذبے سے اتریں، وہ ٹیم کبھی نہیں جیت سکتی جو ہار سے بچنے کے لیے کھیلے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں جب کھیلتا تھا تو ہم نے کرکٹ کو برے حالات سے نکال کر ورلڈ کپ جیتا، آپ کو جارحانہ انداز میں کھیلنا ہے، دفاعی نقطہ نظر سے کھیلنے والی ٹیم کبھی نہیں جیت سکتی، ہم نے ہی کرکٹ میں اٹیکنگ ٹیکنیک کو متعارف کرایا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان نے باؤلرز کو مشورہ دیا کہ وہ وکٹ لینے پر کام کریں کیونکہ رن روکنا اور وکٹ لینا دو علیحدہ تکنیکیں ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے نیشنل ٹی 20 کپ اہمیت کا حامل

انہوں نے کہا کہ ہار سے انسان سیکھتا ہے، ٹیم کو اعصابی طور پر مضبوط کریں اور دباؤ میں پریشان ہونے کے بجائے اس سے لطف اندوز ہونا سیکھیں۔

وزیر اعظم نے ٹیم سے کہا کہ آپ ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے جواب دیں، آپ کو ہوم گراؤنڈ پر انٹرنیشنل کرکٹ سے متعلق پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اور پاکستان میں عالمی کرکٹ کی جلد واپسی ہو گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں