افغانستان ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی کا خواہشمند

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2021
افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیزاللہ فضلی نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کو دورے کی دعوت دیں گے— فوٹو بشکریہ افغان کرکٹ بورڈ
افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین عزیزاللہ فضلی نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان ٹیم کو دورے کی دعوت دیں گے— فوٹو بشکریہ افغان کرکٹ بورڈ

افغانستان کرکٹ کے نئے چیئرمین عزیز اللہ فضلی نے کہا ہے کہ وہ اس ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی ٹیم کو دورہ افغانستان کی دعوت دے سکیں۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنگ زدہ افغانستان کی ٹیم نے گزشتہ کچھ سالوں کے دوران کرکٹ میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے تیزی سے ترقی کی ہے اور افغان لیگ اسپنر راشد خان دنیا کی بہترین لیگز میں اہم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک تصور کیے جاتے ہیں لیکن گزشتہ ماہ طالبان کے قبضے کے بعد مردوں کی ٹیم کے بائیکاٹ کے مطالبات سامنے آئے تھے۔

مزید پڑھیں: طالبان افغان کرکٹ کے امور میں مداخلت نہیں کریں گے، افغانستان کرکٹ بورڈ

حکومت کی تبدیلی نے ٹیسٹ میچوں میں افغانستان کی شرکت کے حوالے سے مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے کیونکہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قواعد و ضوابط کے تحت رکن ممالک کی ایک فعال خواتین کی ٹیم بھی ہونی چاہیے۔

طالبان نے ابھی خواتین کی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے پالیسی کا اعلان نہیں کیا لیکن ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ یہ کوئی ضروری چیز نہیں ہے۔

حال ہی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ منسوخ کر چکی ہیں اور جب اس حوالے سے افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے پوچھا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ دیگر علاقائی کرکٹ طاقتوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کابل سے فون پر اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں 25 ستمبر سے پاکستان کا دورہ کر رہا ہوں اور پھر ہندوستان، بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات جاؤں گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان کرکٹ سیریز 2022 تک ملتوی

فضلی نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے چیئرمین رمیز راجا سے ملاقات کریں گے اور ستمبر میں سری لنکا میں شیڈول سیریز کی افغانستان میں میزبانی کی پیشکش کریں گے۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز لاجسٹک مسائل اور سری لنکا میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کے سبب منسوخ کر دی گئی ہے، 2023 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے سلسلے میں ون ڈے لیگ کا حصہ ہے۔

رمیز راجا نے تصدیق کی ہے کہ عزیز اللہ فضلی پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ستمبر 2018 سے جولائی 2019 تک بورڈ میں خدمات انجام دینے عزیز اللہ فضلی دوسری مرتبہ چیئرمین بنے ہیں اور انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان میں سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کو کھیلنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، چیئرمین بورڈ

افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 میں ہے جو 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والا ہے۔

آسٹریلیا نے دھمکی دی ہے کہ اگر طالبان نے خواتین ٹیم کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہ دی تو نومبر میں برسبین میں افغانستان سے شیڈول ٹیسٹ میچ منسوخ کردیا جائے گا۔

منگل کو طالبان نے حامد شنواری کو چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے ہٹا دیا تھا اور ان کی جگہ حقانی نیٹ ورک سے منسلک نصیب زدران خان کا تقرر کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں