سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2021
طلعت اقبال کے اہلخانہ نے انتقال کی تصدیق کردی—فائل فوٹو فیس بک
طلعت اقبال کے اہلخانہ نے انتقال کی تصدیق کردی—فائل فوٹو فیس بک

پاکستان کے سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا کے ہسپتال میں علالت کے باعث انتقال کرگئے۔

نجی چینل جیو نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا کہ طلعت اقبال کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

طلعت اقبال کے اہلخانہ کے مطابق وہ امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں زیر علاج تھے۔

مزید پڑھیں: سینئر اداکار طلعت اقبال ناسازی طبیعت کے باعث ہسپتال میں داخل

طلعت اقبال کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز جمعہ ڈیلاس میں واقع مسجد الرحمٰن اسلامک ایسوسی ایشن آف کیرولٹن میں ادا کی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے طلعت اقبال کی بیٹی صومی حسین نے والد کی بیماری کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے۔

صومی حسین کا کہنا تھا کہ ناسازی طبیعت کے باعث طلعت اقبال کچھ ادویات لے رہے تھے تو اس دوران ان کی سانس کی نالی میں گولی اٹک گئی جس کے بعد سے وہ بے ہوش ہیں۔

اداکار کی بیٹی نے کہا تھا کہ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ان کی صحت کے حوالے سے 24 سے 36 گھنٹے اہم ہیں۔

صومی حسین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی جانب سے والد کی حالت کو ایسپریشن نمونیا (Aspiration Pneumonia) قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر ٹی وی اداکارہ خورشید شاہد انتقال کرگئیں

واضح رہے کہ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کے کئی ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے تھے۔

اپنے کیریئر کے دوران طلعت اقبال نے کئی پاکستانی فلموں میں بھی کام کیا۔

ان کی اہلیہ سنبل طلعت اقبال بھی ٹی وی میں اپنے کام کی وجہ سے جانی جاتی تھیں جو 2014 میں کینسر کے باعث امریکا میں انتقال کرگئی تھیں۔

طلعت اقبال طویل عرصے سے امریکا میں مقیم تھے انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹی اور بیٹا چھوڑے ہیں، ان کی دوسری بیٹی کا انتقال چند ہفتے قبل ہی ہوا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Taj Ahmad Sep 24, 2021 04:56pm
RIP to actor Talat Iqbal, Ameen.