وینا ملک کورونا وائرس سے متاثر

وینا ملک کے مطابق ان میں وائرس کی زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
وینا ملک کے مطابق ان میں وائرس کی زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ و میزبان وینا ملک عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئیں۔

متنازع بیانات کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہنے والی اداکارہ و میزبان وینا ملک نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک طویل پوسٹ میں مداحوں کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔

قرنطینہ سے متعلق ذکر کرتے ہوئے وینا ملک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’چھوٹی چھوٹی چیزیں اہمیت رکھتی ہیں، کون جانتا تھا کہ میں اسٹار بکس کی کافی یا گروسری کے لیے جانے کو کتنا یاد کروں گی؟'

مزید پڑھیں: وینا ملک کی طبیعت ناساز، مداحوں سے دعاؤں کی اپیل

انہوں نے لکھا کہ ہماری انتہائی متحرک دنیا میں کچھ چیزوں اور لمحات جیسا کہ دوستوں کے ساتھ گھومنا، خاندان کے ساتھ وقت گزارنا، ریسٹورنٹ جانا، دوستوں اور خاندان کے ساتھ بات چیت کرنے کو زیادہ اہم نہیں سمجھا جاتا۔

وینا ملک نے کہا کہ جیسے ہی کورونا وائرس نے ہمیں دنیا سے الگ کیا تو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں پہلے سے بہت زیادہ اہم ہو گئیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا اسٹاربکس سے ایک فراپوچینو یا مکڈڈونلڈ جانے کا ارادہ محسوس ہوا، اچانک آئسولیشن کے دوران میں نے اپنی پڑوسی سے مختصر بات چیت کی۔

وینا ملک کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ زندگی کے بڑے معاملات میں مصروف رہی کہ میں بھول گئی کہ چھوٹے، چھوٹے لمحات بھی کتنے اہم ہوتے ہیں۔

انہوں نے ڈان امیجز کو بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔

وینا ملک نے بتایا کہ ’ایک ہفتہ قبل مجھے سر درد اور بخار تھا جو کچھ دن جاری رہا لہذا میں نے ٹیسٹ کروایا تو مجھے معلوم ہوا کہ مجھے کورونا ہوگیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ’اب میں تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کررہی ہوں اور ادویات لے رہی ہوں’۔

وینا ملک نے کہا کہ ’مجھ میں زیادہ علامات ظاہر نہیں ہوئیں، میں گھٹن محسوس کرتی ہوں اور سر درد ہوتا ہے‘۔

—فائل فوٹو: فیس بک
—فائل فوٹو: فیس بک

اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’میں پچھلے ہفتے سے بہت بہتر ہوں، میں ایک ہفتے سے آئسولیشن میں ہوں اور ابھی ایک ہفتہ رہتا ہے‘۔

وینا ملک نے زور دیا کہ سب کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں: وینا ملک کی 7 سال بعد اداکاری میں واپسی

انہوں نے کہا کہ میں لوگوں سے کہنا چاہوں گی کہ انہیں اپنا خیال رکھنا چاہیے اگر وہ ویکسین لگواچکے ہیں تب بھی، ظاہر ہے اب تک سب جانتے ہیں کہ کورونا وائرس حقیقت ہے۔

وینا ملک نے مداحوں کے لیے ہدایت دی کی وہ جب بھی باہر جائیں تو ماسک پہنیں اور دیگر احتیاطی تدابیر بھی اپنائیں۔

انہوں نے مداحوں سے اپنی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی اپیل بھی کی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وینا ملک نے ٹوئٹر پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کی تھیں جن میں وہ ہسپتال میں موجود ہیں اور ڈاکٹر ان کا بلڈ ٹیسٹ کررہے تھے۔

وینا ملک نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ وینا ملک نے تصدیق کی تھی کہ وہ 7 سال بعد جلد ہی اسکرین پر اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔

وینا ملک 2002 سے 2014 تک اداکاری میں مصروف دکھائی دیں، انہوں نے نہ صرف پاکستانی بلکہ متعدد بھارتی فلموں و ڈراموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

تاہم گزشتہ 7 سال سے انہیں کسی بھی ڈرامے یا فلم میں نہیں دیکھا گیا، البتہ انہیں ٹی وی پر میزبانی کرتے ہوئے یا پھر بطور مہمان پروگرامات میں شامل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں