• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:53pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:56pm

فائزر ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کو کووڈ سے بچانے کیلئے 91 فیصد تک مؤثر

شائع October 22, 2021
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

فائزر/ بائیو این ٹیک کی تیار کردہ ایم آر این اے کووڈ ویکسین چھوٹے بچوں میں علامات والی بیماری سے بچانے کے لیے بہت زیادہ مؤثر ہے۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں بتائی گئی جس کے نتائج کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے۔

تحقیق میں 5 سے 11 سال کے بچوں میں ویکسین محفوظ اور بیماری سے بچانے کے لیے 90.7 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی۔

فائزر کی جانب سے اب اس ڈیٹا کو یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے پاس جمع کرایا جارہا ہے تاکہ اس عمر کے بچوں کے لیے ویکسینیشن کی منظوری حاصل کی جاسکے۔

اس تحقیق میں 5 سے 11 سال کی عمر کے 2268 بچوں کو شامل کیا گیا تھا جن کو 3 ہفتوں کے وقفے کے دوران پلیسبو یا کم مقدار میں ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرائی گئی تھیں۔

ویکسین کی ہر خوراک کی مقدار نوجوانوں اور بالغ افراد کو دی جانے والی ویکسین کی مقدار سے دو تہائی کم تھی۔

تحقیق میں پلیسبو استعمال کرنے والوں میں 16 جبکہ ویکسین شدہ بچوں میں کووڈ کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے جن کو مدنظر رکھتے ہوئے محققین نے تخمینہ لگایا کہ کم مقدار والی خوراک والی ویکسین اس عمر کے گروپ میں لگ بھگ 91 فیصد تک مؤثر تھی۔

کسی بھی بچے میں بیماری کی سنگین شدت رپورٹ نہیں ہوئی مگر ویکسینیشن کرانے والوں میں بیماری کی شدت دیگر بچوں کے مقابلے میں بہت معمولی تھی۔

اسی طرح محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ کم مقدار والی خوراک سے بچوں میں اتنی ہی طاقتور وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز بن گئیں جو بالغ افراد میں بنتی ہیں۔

تحقیق میں ویکسین کی کم مقدار بچوں میں محفوظ ثابت ہوئی اور معمولی مضر اثرات جیسے بازوؤں میں سوجن، بخار یا خارش وغیرہ نظر آئے۔

امریکی ریگولیٹرز کی جانب سے 26 اکتوبر کو ایک اجلاس میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے حوالے سے سفارشات دی جائیں گی۔

فائزر نے یہ بھی بتایا کہ کلینکل ٹرائل کو مزید توسیع دی جائے گی تاکہ تحفظ کے ڈیٹا کو زیادہ جامع بنایا جاسکے اور بچوں کی دگنا تعداد کو اس کا حصہ بنایا جائے گا۔

یہ نتائج اس وقت سامنے آئے ہیں جب حال ہی میں یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن کے زیرتحت ہونے والی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ سے متاثر ہونے پر ہسپتال میں داخل ہونے سے بچانے کے لیے فائزر ویکسین 93 فیصد مؤثر ہے۔

تحقیق میں اس عمر کے بچوں میں ویکسین کی افادیت کی شرح میں معمولی فرق بھی دریافت کیا۔

12 سے 15 سال کے لیے یہ ویکسین 91 فیصد جبکہ 16 سے 18 سال کے بچوں میں 94 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی۔

اس تحقیق میں جون سے ستمبر کے دوران 16 ریاستوں کے 19 بچوں کے ہسپتالوں میں زیرعلاج 464 مریضوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں سے 179 کووڈ 19 جبکہ 285 دیگر وجوہات کے باعث ہسپتال میں داخل ہوئے۔

اس دورانیے میں امریکا میں ڈیلٹا کا پھیلاؤ بڑھ چکا تھا اور مریضوں کی اکثریت (72 فیصد) پہلے سے کم از کم کسی ایک بیماری کے شکار تھے اور 68 فیصد اسکول جارہے تھے۔

ایسے مریضوں کی ویکسینیشن کو مکمل سمجھا گیا جن میں کووڈ 19 کی تشخیص دوسری خوراک کے استعمال کے 14 یا اس سے زیادہ دن بعد ہوئی۔

ایسے مریض جن میں بیماری کی تشخیص ویکسین کی دوسری خوراک کے استعمال کے 14 دن کے اندر ہوئی انہیں تجزیے کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 اکتوبر 2024
کارٹون : 13 اکتوبر 2024