پریانکا چوپڑا کی طلاق کی خبروں پر والدہ کی وضاحت

23 نومبر 2021
جوڑے نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
جوڑے نے دسمبر 2018 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ’پگی چوپس‘ کہلائی جانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا اپنی شادی اور طلاق کی وجہ سے ہر وقت خبروں میں رہتی ہیں اور حال ہی میں ان سے متعلق افواہیں پھیلیں کہ وہ شوہر امریکی گلوکار نک جونس سے الگ ہوچکی ہیں۔

پریانکا چوپڑا نے خود سے 11 سال کم عمر امریکی گلوکار نک جونس سے دسمبر 2018 میں بھارت میں شادی کی تھی، جس کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پریانکا چوپڑا اور نک جونس نے عیسائی رسومات کے تحت شادی کرلی

چند دن قبل پریانکا چوپڑا کی طلاق کی افواہیں اس وقت پھیلنا شروع ہوئیں جب کہ انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے نام کے پیچھے سے شوہر کا نام ’جونس‘ ہٹایا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق اداکارہ کی جانب سے شوہر کا نام ہٹائے جانے کے بعد ان کی طلاق کی افواہیں پھیلیں اور لوگوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں الگ ہو چکے ہیں۔

تاہم جوڑے کی طلاق کی افواہیں پھیلنے کے بعد جلد ہی پریانکا چوپڑا کی والدہ نے وضاحت کی کہ ان کی بیٹی کی طلاق نہیں ہوئی۔

اداکارہ نے شوہر کی ویڈیو پر رومانوی کمنٹ کرکے افواہوں کو ختم کیا—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے شوہر کی ویڈیو پر رومانوی کمنٹ کرکے افواہوں کو ختم کیا—اسکرین شاٹ

مدھو چوپڑا نے ’نیوز 18‘ کو بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی ختم ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، ان کی بیٹی اور داماد خوش زندگی گزار رہے ہیں۔

اداکارہ کی والدہ کی جانب سے وضاحت کرنے کے بعد پریانکا چوپڑا نے بھی شوہر کی انسٹاگرام پوسٹ پر رومانوی کمنٹ کرکے عندیہ دیا کہ ان کے درمیان طلاق نہیں ہوئی۔

دونوں کی شادی کے فوری بعد ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں شائع ہوتی آ رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی شادی کے فوری بعد ہی ان کے درمیان اختلافات کی خبریں شائع ہوتی آ رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پریانکا چوپڑا نے شوہر نک جونس کی ورزش کرنے کی ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے شوہر کی بانہوں میں مرجانے کی خواہش کا اظہار کیا، جس سے لوگوں نے سمجھا کہ دونوں کے درمیان طلاق کی خبریں درست نہیں۔

تاہم تاحال نک جونس اور پریانکا چوپڑا نے خود طلاق یا علیحدگی کی افواہوں پر وضاحت نہیں کی۔

مزید پڑھیں: ’10 سالوں میں پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی طلاق ہوجائے گی‘

دوسری جانب بعض لوگوں کا خیال ہے کہ پریانکا چوپڑا کی آنے والی ہولی وڈ فلم ’میٹرکس فور‘ کی جانب لوگوں کی توجہ کروانے کے لیے ان کی شوہر سے علیحدگی کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، تاہم اس حوالے سے تصدیقی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

پریانکا چوپڑا نے تین سال قبل 2018 میں نک جونس سے شادی کی تھی اور ان کی شادی کے فوری بعد ہی ان کے درمیان اختلافات، علیحدگی اور طلاق کی افواہیں پھیلتی آ رہی ہیں اور بعض بھارتی ناقدین کا خیال ہے کہ پریانکا چوپڑا کی شادی کچھ ہی سال میں ختم ہو جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں